جانی بیئرسٹو نے 16 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا

بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شاندار فتح وکٹ کیپر جانی بیئرسٹو کے لیےدہری خوشی لائی ہے۔ دوسری باری میں 47 رنز کی اننگز کے ساتھ بیئرسٹو ایک سال میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے وکٹ کیپر کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔ انھوں نے زمبابوے کے عظیم وکٹ کیپر بلے باز اینڈی فلاور کا 16 سال پرانا ریکارڈ توڑا ہے۔
2016ء میں اب تک بیئرسٹو 11 ٹیسٹ مقابلوں میں لگ بھگ 73 کے اوسط سے 1091 رنز بٹور چکے ہیں۔ یوں> اس سال سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں میں بھی سرِ فہرست ہیں۔ اس مقام تک پہنچنے کے لیے انھوں نے 5 نصف سنچریوں اور 3 سنچریوں کا سہارا لیا۔ اس سے قبل، یہ اعزاز زمبابوے کے اینڈی فلاور کے پاس تھا جنھوں نے ایک سال میں 1045 رنز بنائے تھے۔
اگرچہ ایک سال میں ہزار رنز بنانے کا اعزاز اب تک کئی بلے بازوں نے اپنے نام کیا ہے، تاہم اگر وکٹ کیپروں کا ذکر ہو تو بیئرسٹو اس فہرست میں صرف دوسرے وکٹ کیپر ہیں۔ یہ کتنا بڑا کارنامہ اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ بھارت کے وکٹ کیپر کپتان مہندر سنگھ دھونی اگرچہ اچھے بلے باز تصور ہوتے ہیں، لیکن ایک سال میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے دس وکٹ کیپروں میں بھی ان کا نام شامل نہیں۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ اس سال ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پانچ سرِ فہرست کھلاڑیوں میں سے چار کا تعلق انگلستان سے ہے۔ جانی بیئرسٹو کے بعد جو روٹ 929، ایلسٹر کک 828 اور معین علی 687 رنز کے ساتھ موجود ہیں جبکہ پانچویں مقام پر پاکستان کے اظہر علی ہیں۔ جنہوں نے 6 میچوں میں 678 رنز بنائے ہیں۔
کیا ہم پاکستانی وکٹ کیپر سرفراز احمد سے آئندہ سال یہ ریکارڈ توڑنے کی توقع رکھ سکتے ہیں؟
ایک سال میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے وکٹ کیپر بلے باز
بلے باز | ملک | مقابلے | رنز | سال |
---|---|---|---|---|
جانی بیئرسٹو | ![]() |
11 | 1091 | 2016ء |
اینڈی فلاور | ![]() |
9 | 1045 | 2000ء |
ابراہم ڈی ولیئرز | ![]() |
9 | 933 | 2013ء |
اینڈی فلاور | ![]() |
9 | 899 | 2001ء |
کمار سنگاکارا | ![]() |
12 | 891 | 2001ء |
ایڈم گلکرسٹ | ![]() |
14 | 870 | 2001ء |
ایڈم گلکرسٹ | ![]() |
14 | 837 | 2004ء |
ایڈم گلکرسٹ | ![]() |
15 | 836 | 2005ء |
ایڈم گلکرسٹ | ![]() |
11 | 792 | 2002ء |
میٹ پرائیر | ![]() |
15 | 777 | 2012ء |