مرکزی معاہدے، عمر اکمل اور احمد شہزاد نچلے ترین درجے پر

0 1,074

پاکستان کرکٹ بورڈ نے 30 کھلاڑیوں کو سینٹرل کانٹریکٹس یعنی مرکزی معاہدوں سے نوازنے کا اعلان کردیا ہے۔ چار زمروں پر مشتمل یہ معاہدہ اگلے ایک سال کے لیے ہے۔ اگر گزشتہ معاہدوں کو مدنظر رکھا جائے تو موجودہ اعلان میں بہت سے اہم کھلاڑی زیر و زبر ہوئے ہیں۔ سب سے نمایاں تبدیلی عمر اکمل اور احمد شہزاد کے معاملے میں دیکھنے کو ملی۔ دونوں بلے بازوں پر ایسا زوال طاری ہے جس نے انہیں سب سے آخری زمرے یعنی "ڈی" میں پہنچا دیا ہے۔ البتہ ایک دوسرا اور مثبت پہلو یہ بھی ہے کہ یہ دونوں بلے بازوں کی طویل بے دخلی کے بعد واپسی کا اشارہ بھی ہو سکتا ہے۔

بہترین گیند بازی کے ذریعے پاکستان کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرنے والے یاسر شاہ اور رواں سال قیادت کے منصب تک پہنچنے سرفراز احمد کی ترقی کا سفر ان معاہدوں میں بھی ظاہر ہو رہا ہے جو 'اے' کیٹیگری میں شامل کیے گئے ہیں۔ البتہ شاہد آفریدی، سعید اجمد، فواد عالم اور حیران کن طور پر جنید خان کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے فہرست ہی سے نکال باہر کیا گیا ہے۔

ترقی پا کر بہتر زمرے میں آنے والوں میں محمد عامر، بابر اعظم، عماد وسیم اور سمیع اسلم شامل ہیں۔ سہیل خان سہیل تنویر گزشتہ فہرست کا حصہ نہیں تھے مگر اس بار 'سی' کیٹیگری میں ہیں۔

معاہدے کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست درج ذیل ہے:

کیٹیگری 'اے':

اظہر علی، سرفراز احمد، شعیب ملک، محمد حفیظ، مصباح الحق، یاسر شاہ اور یونس خان۔

کیٹیگری 'بی':

اسد شفیق، راحت علی، محمد عامر اور وہاب ریاض۔

کیٹیگری 'سی':

بابر اعظم، حارث سہیل، حسن علی، خالد لطیف، سمیع اسلم، سہیل تنویر، سہیل خان، شان مسعود، شرجیل خان، عماد وسیم، عمران خان، محمد رضوان، محمد عرفان اور محمد نواز۔

کیٹیگری 'ڈی':

احمد شہزاد، انور علی، ذوالفقار بابر، عمر اکمل اور محمد اصغر۔

Junaid-Khan2