گیند سے چھیڑچھاڑ، دو پلیسی پھر پکڑ لیے گئے

0 1,241

ویسے تو ٹیسٹ مقابلوں میں آسٹریلیا کی شکست اب کوئی انہونی بات نہیں رہی مگر دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں جس طرح جنوبی افریقہ کے مقابلے میں اس کی وکٹیں خزاں رسیدہ پتوں کی طرح گرتی رہیں، اس نے آسٹریلیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ ایک طرف جہاں آسٹریلیا کو اپنی کارکردگی پر تشویش ہے، وہیں گیند کے غیر معمولی رویے پر بھی حیرت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اس لیے آسٹریلیا نے اصل محرکات کی تلاش شروع کی اور بالآخر ایک ایسی فوٹیج حاصل کرلی ہے جس میں جنوبی افریقہ کے کپتان فف دو پلیسی کو اپنی انگلی سے گیند کو چمکاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ یہ تو عام منظر ہے لیکن واضح نظر آ رہا ہے کہ ان کے منہ میں کچھ ہے جس پر وہ اپنی انگلی لگا کر تھوک کو گیند پر لگا رہے ہیں۔ (وڈیو نیچے ملاحظہ کریں)۔

کرکٹ قوانین کہتے ہیں کہ گیند کو چمکانے کے لئے شرٹ یا ٹراؤزر کا سہارا تو لیا جا سکتا ہے، مگر کوئی بھی مصنوعی مواد استعمال نہیں کیا جا سکتا۔

فوٹیچ کے مطابق جب فف گیند چمکا رہے تھے تو اس وقت آسٹریلای 45ویں اوورز میں 150 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر کھیل رہا تھا۔ مگر اگلے ہی اوور میں وکٹ کیپر پیٹر نیول ایک شارٹ پچ گیند کھیلتے ہوئے کیچ دے گئے۔ بات یہیں ختم نہیں ہوئی بلکہ اسی اوور میں جو مینی کو بھی پویلین لوٹنا پڑا۔ پھر باقی بلے باز بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹک نہ سکے اور آسٹریلیا صرف 32 رنز پر آٹھ وکٹیں گنوا کر دوسرا ٹیسٹ اور سیریز ہار گیا۔ ان لمحات نے ہی آسٹریلیا کی نظر میں باؤلنگ اسپیلز کو مشکوک بنایا۔

آسٹریلیا دوسرے ٹیسٹ میں بہت شرمناک انجام سے دوچار ہوا، پہلی اننگز میں صرف 85 پر آؤٹ اور پھر دوسری میں 161 رنز ہی جوڑ پایا۔ اس مایوس کن بیٹنگ کے ساتھ کینگروز کو ایک اننگز اور 80 رنز سے شکست ہوئی۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ، خاص طور پر فف دو پلیسی پر بال ٹمپرنگ کا الزام نیا نہیں ہے۔ 2013ء میں پاکستان کے خلاف سیریز کے دوران فف کو گیند کو ٹراؤزر کی زپ پر رگڑتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ جس کے بعد آئی سی سی نے ٹراؤزرز میں زپ پر پابندی لگا دی تھی۔