'کلر بلائنڈ' میتھیو ویڈ گلابی گیند کے منتظر

0 1,092

جنوبی افریقہ کے ہاتھوں مسلسل دو ٹیسٹ میں شکست کے بعد میزبان آسٹریلیا کو کچھ سجھائی نہیں دے رہا کہ آخر شکستوں کے تسلسل کو کیسے روکا جائے؟ بچاؤ کے جو ممکنہ ذرائع تلاش کیے جا رہے ہیں ان میں سے ایک بیٹنگ لائن اپ کو مضبوط کرنا بھی شامل ہے اسی لئے تین سال بعد وکٹ کیپر بیٹسمین میتھیو ویڈ کو واپس بلا لیا گیا ہے۔ جو 24 نومبر سے ایڈیلیڈ میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میں موجودہ وکٹ کیپر پیٹر نیول کی جگہ دستے کا حصہ ہوں۔

میتھیو ویڈ کو تین سال پہلے وکٹوں کے پیچھے موثر ثابت نہ ہونے کی وجہ سے الگ کیا گیا تھا۔ لیکن اب پیٹر نیول کو بلے بازی میں مہارت نہ دکھلا پانے کی وجہ سے باہر کیا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میتھیو ویڈ کو بہتر بلے بازی کی برتری جو حاصل ہے، وہ انہیں بین الااقوامی کرکٹ میں واپس لے آئی ہے۔

2012-13ء میں ویڈ نے 34.61 کے اوسط سے 12 میچز کھیلے تھے، جن میں دو سنچریاں بھی شامل تھیں جبکہ نیول کی 17 میچوں میں اوسط صرف 22 ہے۔

میتھیو ویڈ نے اپنے انتخاب پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے گزشتہ آخری ٹیسٹ میچ کی نسبت کیپنگ اور بیٹنگ میں کافی بہتری آئی ہے اور 24 نومبر سے جاری اہم میچ میں بہتری نظر آئے گی۔

ویڈ کے متعلق کم لوگ جانتے ہیں کہ وہ کلر بلائنڈ یعنی رنگوں کے اندھے ہیں۔ وکٹ کیپنگ میں جو نقائص شامل تھے ان میں سے ایک یہ وجہ بھی تھی مگر اب ہو سکتا ہے صورتحال بدل گئی ہو کیونکہ اگلا ٹیسٹ ڈے نائٹ ہے اور گلابی گیند سے کھیلا جائے گا۔ ویڈ کا کہنا ہے کہ گلابی گیند سے مسلسل کھیل رہا ہوں اس لئے مجھے اس کی عادت ہو گئی، اور اسے دیکھنے میں کوئی پریشانی نہیں بلکہ کافی مددگار ثابت ہوگی۔

Matthew-Wade2