پشاور زلمی کا پہلا کاری وار، کراچی کو شکست

0 1,017

سیزن بدل گیا، کھلاڑی تبدیل ہوگئے، لیکن کراچی کنگز کی "اونچی دکان" سے "پھیکا پکوان" ہی مل رہا ہے۔ پشاور زلمی کے خلاف اپنے پہلے مقابلے میں کراچی بری طرح ناکام ہوا اور اسکور بورڈ پر صرف 119 رنز جمع کر سکا۔ تعاقب میں پشاور نے صرف تین وکٹوں پر ہدف پورا کرلیا اور یوں اپنی کامیابی کا کھاتہ کھول ہی لیا۔

میچ میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر کراچی کو بلے بازی کی دعوت دی۔ کرس گیل اور شاہزیب حسن اننگز کے آغاز کے لیے میدان میں اترے اور پھر جو ہوا، وہ شرمناک تھا۔ صرف 12 رنز اور چار کھلاڑی آؤٹ۔ شاہزیب صفر، بابر اعظم 1، کپتان کمار سنگاکارا 5 اور کرس گیل صرف 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ یہاں پر شعیب ملک اور روی بوپارا نے کچھ مزاحمت کی۔ سابق کپتان شعیب نے 44 رنز بنائے جبکہ بوپارا کے 33 رنز کے بعد کیرون پولارڈ آخر تک ڈٹے رہے اور مجموعے میں 27 رنز کا اضافہ کیا۔ 20 اوورز کا کھیل مکمل ہوا تو کراچی کا مجموعہ 7 وکٹوں پر صرف 118 رنز تک ہی پہنچ سکا۔ پشاور کی طرف سے محمد حفیظ اور وہاب ریاض نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

چھوٹے ہدف کے تعاقب میں پشاور کا آغاز بھی اچھا نہیں تھا۔ محمد حفیظ، حسب سابق، صفر پر آؤٹ ہوئے اور اگلے ہی اوور میں کامران اکمل بھی "انڈے" کے ساتھ پویلین لوٹے۔ دونوں اوپنرز کے جلد آؤٹ ہو جانے کے بعد زلمی شدید دباؤ کا شکار ہوگئے۔ رنز بنانے کی رفتار گرتی جا رہی تھی لیکن ایون مورگن اور ڈیوڈ ملان نے مزید وکٹیں گرنے کا سلسلہ روکے رکھا۔ کیونکہ ہدف مختصر تھا اس لیے یہ حکمت عملی کارگر ثابت ہوئی۔ ملان 22 رنز بنانے کے بعد عماد وسیم کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے جبکہ مورگن ڈٹے رہے۔ حارث سہیل کے ساتھ مل کر انہوں نے پشاور کو انیسویں اوور میں ہدف تک پہنچا دیا۔ مورگن نے 57 گیندوں پر 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 80 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور پچھلے میچ کی ناکامی کا ازالہ کر دیا۔ اس شاندار انںگز پر انہیں میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی ملا۔

میچ کا سب سے شاندار لمحہ وہ تھا جب پشاور کے کپتان ڈیرن سیمی نے سلپ میں بابر اعظم کا ایک زبردست کیچ لیا اور اس کا خوب جشن منایا۔ پہلے مقابلے میں ناکامی کے بعد اس کامیابی سے پشاور کے حوصلے ضرور بلند ہوئے ہوں گے۔

Eoin-Morgan