"فیصلہ ہو گیا" پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہی ہو گا

0 1,034

جس فیصلے کا پوری قوم کو شدت سے انتظار تھا، بالآخر ہوگیا اور وہ بھی عوام کی خواہش کے عین مطابق۔ پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور ہی میں کھیلا جائے گا۔

آج دبئی میں پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی اور پانچوں ٹیموں کے مالکان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں فائنل کے حوالے سے خدشات و امکانات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں تمام فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے سیزن کا فائنل اعلان کے مطابق لاہور میں ہی ہوگا خواہ اس میں غیر ملکی کھلاڑی شرکت کریں یا نہ کریں۔

نجم سیٹھی نے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تمام فرنچائز فائنل لاہور میں کروانے پر متفق ہیں اور سب نے واضح پیغام دیا ہے کہ ہم اپنی ٹیموں کے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کو لاہور لانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ اب ہم وزیر اعظم، آرمی چیف اور چاروں صوبوں کو وزرائے اعلیٰ کو قذافی اسٹیڈیم میں فائنل دیکھنے کی دعوت دیں گے تاکہ غیرملکی کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہو گا۔

آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کھلاڑیوں کو پہلے ہی فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی کی یقین دہانی کرا چکے ہیں جبکہ چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے بھی کہا تھا کہ کھلاڑیوں سربراہان مملکت کی سطح کی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں نے لاہور آنے کی رضامندی ظاہر کر دی ہے بلکہ انگلینڈ کے روی بوپارا کی طرف سے بھی مثبت جواب موصول ہوا ہے۔ دیگر ملکوں کے کھلاڑیوں کو راضی کرنے کے لئے کوششیں تیز کی جا رہی ہیں۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل حکام نے ان غیر ملکی کھلاڑیوں کو دس ہزار ڈالر اضافی دینے کا اعلان کیا تھا جو لاہور یاترا کے لئے تیار ہوں گے۔

بدلتی صورتحال کے بعد پاکستان سپر لیگ نے فائنل کے لیے نئے ڈرافٹ کا عمل 22 فروری کو ایک مرتبہ پھر کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ انکار کرنے والے کھلاڑیوں کا متبادل تلاش کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ لاہور میں ہونے والے خود کش حملے کے بعد اس بات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ اب پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کروانے کا فیصلے پر شائد عملدرآمد ممکن نہیں رہا مگر پی سی بی اور پی ایس ایل حکام نے عوام کی توقعات کے مطابق فیصلہ کر کے شائقین کے دل بھی جیت لیے اور ساتھ دنیا کو پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کا واضح پیغام بھی دے دیا۔