عالمی درجہ بندی، بیک وقت دو اسپنر نمبر ایک بن گئے

0 1,171

بھارت آسٹریلیا دوسرے ٹیسٹ کے اختتام پر بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے تازہ ترین انفرادی عالمی درجہ بندی جاری کردی ہے جس کے مطابق گیند بازی میں بھارت کے باؤلرز کا راج دکھائی دیتا ہے۔ بنگلور ٹیسٹ کی فیصلہ کن اننگز میں چھ وکٹیں سمیٹ کر سیریز برابر کرنے میں کلیدی کردار ادا کرنے والے آشون تو پہلے نمبر پر ہیں ہی، اب اُن کے ساتھی رویندر جدیجا بھی نمبر ون پر پہنچ گئے ہیں۔

پہلے ٹیسٹ کے بعد رویندر جدیجا چند پوائنٹس کی کمی کی وجہ سے ٹیسٹ گیند بازوں کی عالمی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر تھے لیکن دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 6 شکار اور مجموعی طور پر 7 وکٹوں کی وجہ سے وہ آشون کے ہم پلہ ہوگئے ہیں۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ دو اسپنرز بیک وقت دنیا کے نمبر ایک اسپنر بنے ہوں۔ اس سے قبل 2008ء میں ڈیل اسٹین اور مرلی دھرن مشترکہ طور پر نمبر ایک بنے تھے لیکن دونوں الگ نوعیت کے گیندباز تھے۔

آشون نے بنگلو رمیں مجموعی طور پر 8 وکٹیں حاصل کرکے اپنا مقام برقرار رکھا ہے جبکہ آسٹریلیا کے نیتھن لیون نے پہلی اننگز میں 8 وکٹیں لی تھیں اور دو درجے ترقی پا کر 16 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کا کوئی گیند باز سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں شامل نہیں جس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ پاکستان نے گزشتہ چند ماہ سے کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا۔ آئندہ دورۂ ویسٹ انڈیز میں عمدہ کارکردگی یاسر شاہ سمیت دیگر پاکستانی باؤلرز کو درجہ بندی میں آگے آنے کا موقع دے گی۔

بلے بازوں میں آسٹریلیا کے کپتان اسٹیون اسمتھ کی حکمرانی قائم ہے بلکہ وہ مسلسل 77 ٹیسٹ میچز تک سرفہرست رہنے کا اعزاز بھی حاصل کر چکے ہیں۔ اس طرح اپنے ہم وطن اور سابق کپتان رکی پونٹنگ کو پیچھے چھوڑ گئے ہیں جو مسلسل 76 میچز تک سرفہرست رہے تھے۔ اس وقت سب سے زیادہ مقابلوں میں ٹاپ پر رہنے کا اعزاز آسٹریلیا ہی کے سابق کپتان ڈان بریڈمین کو حاصل ہے۔

بھارت کے کپتان ویراٹ کوہلی مسلسل ناقص کارکردگی کی وجہ سے نیچے کی جانب گامزن ہیں اور تازہ درجہ بندی میں دوسرے سے تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ ان کی جگہ انگلستان کے بلے باز جو روٹ نے لے لی ہے۔ پاکستان کے اظہر علی اور یونس خان بھی ایک، ایک درجہ تنزلی پا چکے ہیں البتہ آٹھویں اور نویں نمبر کے ساتھ ٹاپ 10 میں شامل ہیں۔