کیون پیٹرسن کی بیسٹ الیون، کوئی پاکستانی شامل نہیں
انگلینڈ کے کیون پیٹرسن اب اپنے کرکٹ کیریئر کے اختتامی مراحل میں ہے اور ان کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان سپر لیگ کے بعد کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے لیکن ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے تمام فارمیٹس کے لیے اپنی 'بیسٹ الیون' کا اعلان کیا تو اس میں حیران کن طور پر کوئی پاکستانی شامل نہیں۔ آسٹریلیا کی ویب سائٹ cricket.com.au کو دیے گئے وڈیو انٹرویو میں کیون پیٹرسن نے جن کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے ان میں چند ایسے خوش قسمت بھی ہیں جو تمام فارمیٹس میں 'کے پی' کا انتخاب بنے ہیں جیسے انڈیا کے جارح مزاج سابق اوپنر وریندر سہواگ ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی تینوں میں اوپنر منتخب ہوئے جبکہ سری لنکا کے با کمال بیٹسمین کمار سنگاکارا اور آسٹریلیا کے جادوگر اسپنر شین وارن بھی شامل ہیں۔
"کے پی بیسٹ ٹیسٹ الیون" کے دیگر بڑے ناموں میں ایک انڈیا کے سابق عظیم بلےباز سچن ٹنڈولکر بھی شامل ہیں جو سابق ٹیم میٹ سہواگ کا ساتھ دیں گے۔ جبکہ مڈل آرڈر کے لیے ژاک کیلس، رکی پونٹنگ، کمار سنگاکارا اور اے بی ڈی ولیئرز کو منتخب کیا ہے۔ آل راؤنڈر کے طور پر ساتوں نمبر پر جنوبی افریقہ کے سابق تیز گیند باز شان پولاک کو شامل رکھا ہے اور باولنگ اٹیک کو بریٹ لی، جیمز اینڈرسن اور گلین میک گرا سے سجایا ہے۔ شین وارن واحد اسپنر کے طور پر شامل ہیں۔
کیون پیٹرسن نے محدود اوورز میں بھی اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں پر مشتمل دو ٹیمیں عوام کے سامنے پیش کی ہیں۔ 50 اوورز کی کرکٹ میں سابق ویسٹ انڈین کرس گیل کو وریندر سہواگ کے ساتھ رکھ کر دھماکے دار آغاز کا سوچا ہے۔ باقی لائن اپ میں رکی پونٹنگ، کمار سنگارا اور ژاک کیلس بھی شامل ہوں گے۔ بھارتی کپتان ویرات کوہلی واحد فعال کھلاڑی ہیں جو ادھر جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ تیز گیندبازی میں پولاک اور میگ گرا کے ساتھ سابق انگلش گیندباز ڈیرن گف کو شامل کیا ہے جو کہ کافی دلچسپ انتخاب ہے۔ اسپنر کے شعبے میں شین وارن کے ساتھ نیوزی لینڈ کی پہچان ڈینیل وٹوری ہیں۔
پیٹرسن نے سہواگ، ویراٹ کوہلی اور کرس گیل کو ایک روزہ کے بعد ٹی ٹوئنٹی کے پسندیدہ کھلاڑیوں میں بھی شامل کیا ہے جبکہ حیران کن طور پر ایک روزہ میں نظر انداز ہونے والے جنوبی افریقہ کے خطرناک ترین بلےباز اے بی ڈی ولیئرز محدود ترین فارمیٹ میں نظر آ رہے ہیں۔ ٹیسٹ اور ایک روزہ کے برعکس اس دستے میں کمارسنگارا کو بطور بلےباز شامل کیا ہے اور وکٹ کیپنگ کی ذمہ ساری سابق انڈین کپتان ایم ایس دھونی کے حوالے کی ہیں۔ علاوہ ازیں چار بہترین گیند بازوں کو یہاں اکٹھا کیا گیا، کیلس کے علاوہ بریٹ لی اور ڈیرن گف تیزگیندبازی جبکہ شین وارن کے ساتھ سری لنکن جادوگر مرلی دھرن نظر آ رہے ہیں۔
یعنی ایران طوران ہر جگہ کا کھلاڑی شامل ہے، اور نہیں تو پاکستان کا نہیں جو حیران کن ہے۔ خاص طور پر اس لیے کہ جس عرصے کے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے ان میں پاکستان نے وسیم اکرم، وقار یونس، شعیب اختر جیسے باؤلرز اور انضمام الحق، محمد یوسف اور یونس خان جیسے بیٹسمین دنیا کو دیے۔