ملتان نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

0 1,053

ملتان سلطانز کا پہلا جلوہ ہی دفاعی چیمپیئن کو کافی بھاری پڑ گیا ہے۔ کمار سنگاکارا اور شعیب ملک کی شاندار بیٹنگ کی بدولت سلطانز نے پشاور زلمی کو 7 وکٹوں کی تگڑی شکست دی اور ایونٹ میں کامیاب آغاز کرکے تمام ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

دبئی میں ایک شاندار افتتاحی تقریب کے بعد شعیب ملک نے ٹاس جیتا اور پشاور زلمی کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔ ابتدائی چند اوورز میں ہی ظاہر ہو گیا کہ آخر ملک نے پہلے باؤلنگ کا انتخاب کیوں کیا تھا۔ زیادہ دیر نہیں گزری کہ دو بہترین بلے باز کامران اکمل اور تمیم اقبال چوتھے اوور تک میدان سے واپس آ چکے تھے۔ ڈیوین اسمتھ اور محمد حفیظ کی محتاط بلے بازی دسویں اوور تک مزید کسی نقصان کے 57 رنز تک تو لے آئی لیکن یہاں عمران طاہر نے اسمتھ کو آؤٹ کرکے پشاور کو کاری ضرب لگائی۔

جب پانچ اوورز کبا کھیل باقی رہ گیا تو اسکور 100 رنز کے قریب تھا اور زلمی آخری وار کے لیے تیار تھے۔ حفیظ اور ڈیرن سیمی نے کافی حد تک اننگز کا نقشہ تبدیل کیا۔ حفیظ کی نصف سنچری اور کپتان کی دھواں دار اننگز نے زلمی کو 150 کی نفسیاتی حد پار کرنے میں مدد دی۔ اس دوران سہیل تنویر کو ایک ہی اوور میں 21 رنز بھی پڑ گئے۔ حفیظ کے 52 گیندوں پر 59 رنز ایک طرف اور ڈیرن سیمی کی 11 گیندوں پر 29 کی اننگز دوسری جانب۔ پشاور 6 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنانے میں کامیاب رہا اور جس طرح کی پچ تھی وہاں پر اس ہدف کا دفاع کیا جا سکتا تھا۔ لیکن پشاور کے باؤلرز ایسا کرنے میں ناکام رہے۔

احمد شہزاد صفر پر ہی اپنے "پرانے دوست" وہاب ریاض کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے لیکن تجربے کا کوئي نعم البدل نہیں۔ کمار سنگارکارا اور آخر میں شعیب ملک نےمیچ کو گرفت میں رکھا۔ سنگا نے پہلے ہی مقابلے میں ثابت کیا کہ ان میں آج بھی دم خم ہے۔ انہوں نے 51 گیندوں پر 57 رنز بنائے۔"ملتانی لڑکے" صہیب مقصود نے ان کا اچھا ساتھ دیا بس تیزي سے رنز بنانے کی کوشش نے انہیں 21 رنز تک محدود کردیا۔ جب آخری پانچ اوورز میں سلطانوں کو 46 رنز کی ضرورت تھی اور سنگا بھی آؤٹ ہو چکے تھے تو زلمی کو میچ پر کنٹرول حاصل کرنا چاہیے تھا لیکن شعیب ملک نے ان کی تمام کوششوں کو ناکام بنا دیا۔ انہوں نے 30 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 42 رنزبنائے جبکہ مرد بحران کیرون پولارڈ نے 13 گیندوں پر 21 رنز کے ساتھ ان کا بہترین ساتھ دیا۔ آخری اوور میں درکار چھ رنز کے لیے شعیب ملک نے پہلی ہی گیند کو استعمال کیا اور ایک جاندار چھکے کے ذریعے مقابلے کا خاتمہ کردیا۔

کمار سنگاکار کو میچ کے بہترین کھلاڑي کا ایوارڈ ملا اور یوں ایک خوبصورت شام کا بہترین اختتام ہوا۔ پشاور کو اپنی غلطیوں سے بہت کچھ سیکھنا ہوگا اور ہاں! ملتان کو بھی جیت کے نشے سے جتنا جلدی ہو سکے نکلنا ہوگا۔ دیکھتے ہیں اب کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز اپنی مہم کا آغاز کیسے کرتے ہیں؟