ڈیرن سیمی ، زندگی اور موت پشاور زلمی کے ساتھ

0 1,045

محبتوں کا بھی عجیب کاروبار ہوتا ہے مفاد کی جگہ خلوص بکتا ہے، آج کل پاکستانی عوام اور کیربییئن ہیرو ڈیرن سیمی کے مابین یہ کاروبار عروج پر ہے، یاد نہیں پڑتا کہ دنیا بھر میں کسی بھی کھلاڑی نے دوسرے ملک میں اتنی پزیرائی حاصل کی ہو جتنی سیمی کو پاکستان میں حاصل ہوئی کہ پاکستانی اسے اپنوں سے بھی زیادہ قریب سمجھنے لگے ہیں جبکہ اس کے جواب میں سیمی نے بھی کبھی کنجوسی سے کام نہیں لیا اور بڑھ چڑھ کر خلوص کا اظہار کیا ہے۔

سیمی جب سے پشتون علاقے سے وابستہ پشاور زلمی کے ساتھ منسلک ہوئے ہیں وہ ان کے رنگ میں رنگنے کی کوششیں کرتے رہتے ہیں اس ضمن میں سب سے اہم چیز پشتو زبان کا سیکھنا ہے اور سیمی اکثر پشتو میں ٹوئیٹ کر کے اس زبان کے ساتھ وابستگی کا اظہار کرتے رہتے ہیں، گزشتہ دنوں زخمی سیمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے منہ سے جس شاندار انداز سے جیت چھینی ہے کوئٹہ کے مداح بھی شکست کو بھول کر سیمی کو داد دئیے بغیرنہ رہ سکے اور اس شاندار خلوص کے جواب میں سیمی نے دل کو چھو جانے والے الفاظ میں پشتو میں ٹوئیٹ کی، جس کی ہر طرف دھوم مچ چکی ہے۔

ڈیرن نے لکھا کہ "آج میں دل سے کھیلا اس لیے کہ میرا دل پشاور زلمی کے ساتھ ہے۔ زندگی اور موت بھی ایک ہے اور مرتے دم تک پشاور زلمی کے ساتھ میدان میں کھڑا رہوں گا۔"

یہ پہلی مرتبہ نہیں اس سے پہلے بھی سیمی اور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کے مابین پشتو میں ٹوئیٹس کا تبادلہ ہوتا رہا ہے، یاد رہے گزشتہ دن جاوید آفریدی نے ڈیرن سیمی فاؤنڈیشن کے لیے 10 ہزار ڈالر عطیہ بھی دیا ہے اور یہ ادارہ کرکٹ کے شوقین ضرورت مند بچوں کے لیے کام کرتا ہے۔