شاہین آفریدی کے لیے شاباش!

0 1,145

پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے مقابلے نے جہاں ڈرامے اور سنسنی خیزی کے ریکارڈ توڑے، وہیں شاہین آفریدی اور شاہد آفریدی کا آمنا سامنا ہونے پر ایک ایسا منظر بھی دیکھا جو ہمارے معاشرے میں بڑوں کے احترام کی عملی مثال بن سکتا ہے۔

اس مقابلے میں دو آفریدیوں کو آمنے سامنے ہوا۔ کراچی کنگز کے شاہد آفریدی اور لاہور قلندرز کے نوجوان شاہین آفریدی۔ پاکستان انڈر19 کے ابھرتے ہوئے کھلاڑی نے بہت جلد اپنا مقام حاصل کیا ہے اور اس مقابلے میں بھی انہوں نے خود کو ثابت کیا اور میچ کے اہم ترین مرحلے پر شاہد آفریدی کو کلین بولڈ کیا۔ یقینی طور پر اگر "لالا" اس جگہ آؤٹ نہ ہوتے تو کراچی کنگز کی فتح یقینی تھی۔

برینڈن میک کولم نے جب شاہین کو گیند تھمائی تو یہ ان کے سر پر بہت بڑی ذمہ داری تھی۔ سامنے چھکوں کی مشین کھڑی تھی اور جب شاہد آفریدی نے پہلی گیند پر ایک زبردست چھکا لگایا تو محسوس ہوا اب چھوٹے آفریدی کی خیر نہیں۔ لیکن شاہین نے ایک جادوئی گیند پھینکی جو سوئنگ ہوتی ہوئی شاہد آفریدی کی مڈل اسٹمپ اڑا گئی۔

ایسے لمحے پر کسی بھی کھلاڑی کا جشن منانا فطری ہے جبکہ وہ ایک چھکا بھی کھا چکا ہو۔ وکٹ لینے کے بعد شاہین آفریدی تیزی سے آگے بڑھے اور روایتی انداز میں فضا میں اچھل کر جشن منانے ہی والے تھے کہ انہیں یاد آ گیا کہ انہوں نے شاہد آفریدی کی وکٹ لی ہے۔ نفی میں گردن ہلائی اور جاتے ہوئے اپنا ہاتھ چوم کر شاہد آفریدی کی طرف اشارہ کیا۔

شاہین آفریدی کے اس رویّے نے ہر کسی کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی۔ بالخصوص سوشل میڈیا میں اپنے سینئر اور قومی ہیرو کے احترام پر شاہین کی بہت تعریف کی گئی۔ شاہین نے خود بھی سوشل میڈيا پر شاہد آفریدی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ کرکٹ کے میدانوں پر صرف ایک شاہد آفریدی ہے اور کرکٹ کے لیے ان کی خدمات پر بندہ اتنا تو کر ہی سکتا ہے۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل ہی کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان مقابلے میں شاہد آفریدی نے ملتان کے نوجوان بیٹسمین سیف بدر کو آؤٹ کرنے کے بعد انہیں واپس پویلین کی طرف لوٹنے کے اشارے کیے تھے جس پر سیف بدر نے بھی ٹوئٹ کیا کہ ان کے دل میں شاہد آفریدی کا احترام اب بھی موجود ہے بلکہ خود "لالا" نے بھی اس عمل پر شرمندگی کا اظہار کیا۔