سنیل نرائن کا باؤلنگ ایکشن رپورٹ ہوگیا

0 1,026

پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز دیر سے جاگے لیکن کئی ٹیموں کی مہم خراب کرنے میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ روایتی حریف کراچی کنگز کے خلاف مقابلہ سپر اوور تک گیا کہ جہاں سنیل نرائن جیسے سرد اعصاب والے باؤلر نے لاہور کو یادگار کامیابی دلائی۔ یہی نہیں بلکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف بھی لاہور نے کامیابی حاصل کی اور اس بار اپنے 4 اوورز میں 22 رنز دے کر دو قیمتی وکٹیں حاصل کرکے نرائن نے اپنا بھرپور حصہ ڈالا لیکن یہی وہ میچ تھا کہ جس میں ان کے باؤلنگ ایکشن پر ایک مرتبہ پھر شک کا اظہار کیا گیا۔

شارجہ میں ہونے والے اس مقابلے میں نرائن کے باؤلنگ ایکشن کو رپورٹ کیا گیا ہے جس کے بعد انہیں 'وارننگ لسٹ' میں ڈال دیا گیا ہے۔ یعنی وہ ٹیم میں منتخب بھی ہو سکتے ہیں اور باؤلنگ بھی کروا سکتے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ غیر قانونی باؤلنگ ایکشن کے حوالے سے بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے قوانین پر چلتا ہے، جس کے مطابق اگر کوئی کھلاڑی وارننگ لسٹ پر موجود ہو اور اس دوران رپورٹ ہو جائے تو اسے ٹورنامنٹ میں باؤلنگ کی مزید اجازت نہیں دی جائے گی، البتہ وہ ٹیم میں منتخب ہو سکتا ہے۔ بہرحال، میچ آفیشلز کی رپورٹ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کو بھی بھیج دی گئی ہے ۔

سنیل نرائن پہلی بار نومبر 2015ء میں ناقص باؤلنگ ایکشن کی وجہ سے بین الاقوامی کرکٹ سے باہر کیے گئے تھے۔ ان کا باؤلنگ ایکشن سری لنکا میں ہونے والے ایک ون ڈے انٹرنیشنل کے دوران غیر قانونی پایا گیا تھا ۔ البتہ 2016ء میں انڈین پریمیئر لیگ شروع ہونے سے صرف دو دن پہلے بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے ان کے باؤلنگ ایکشن کو شفاف قرار دے دیا ۔ اس سے قبل چیمپیئنز لیگ 2014ء اور انڈین پریمیئر لیگ 2015ء کے دوران بھی نرائن کے باؤلنگ ایکشن پر انگلیاں اٹھائی گئی تھیں لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ نے انہیں صرف انتباہ دے کر چھوڑ دیا۔

واضح رہے کہ آف اسپنرز کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن میں پاکستان کے سعید اجمل سے لے کر محمد حفیظ کئی آف اسپن گیند بازوں پر پابندیاں لگ چکی ہیں لیکن اب تک بھارت کا کوئی باؤلر اس پابندی کی زد میں نہیں آیا۔