پہلے کراچی کون جائے گا؟ فیصلہ آج ہوگا

0 1,210

پاکستان سپر لیگ کا لگ بھگ ایک ماہ کا سفر اب اپنے آخری پڑاؤ پر پہنچ گیا ہے۔ اس سفر کے دوران ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز تو راستے ہی میں ہار ہار چکے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ابھی اعزاز کی دوڑ میں باقی ہیں۔ دیکھتے ہیں 25 مارچ کو کراچی میں ہونے والے فائنل تک کون سی دو ٹیمیں ٹک پاتی ہیں۔

آج یعنی اتوار اس مرحلے کا آغاز ہے۔ کوالیفائر میں اسلام آباد اور کراچی آمنے سامنے ہوں گے اور اگر آخری راؤنڈ مقابلے کی طرح کراچی یہاں بھی کامیابی سمیٹ گیا تو اپنے شہر کا ٹکٹ پکڑ لے گا یعنی سیدھا فائنل میں۔ بصورت دیگر دوسرے پلے-آف کی فاتح سے ایک اور ٹکراؤ ہوگا۔

کراچی کنگز نے اپنے 10 میں سے پانچ مقابلوں میں فتح حاصل کی ہے، جو بلاشبہ عمدہ کارکردگی نہیں کہی جا سکتی لیکن اس کے باوجود پوائنٹس ٹیبل پر دوسرا مقام حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ لیکن اس اہم مرحلے پر کراچی کے لیے دو خبریں مایوس کن ہیں۔ ایک تو ان کے کپتان عماد وسیم سر کی چوٹ کی وجہ سے پہلے ہی ایونٹ سے باہر ہو چکے ہیں، دوسرا شاہد آفریدی کے گھٹنے میں تکلیف ہے۔ گو کہ انہوں نے کہا ہے کہ وہ کھیلیں گے لیکن پھر بھی سو فیصد فٹ نہ ہونے کی وجہ سے ان سے سو فیصد کارکردگی کی توقع نہيں رکھی جا سکتی ہے۔ شاہد آفریدی سیزن میں دو میچز اسی تکلیف کی وجہ سے نہیں کھیل پائے تھے۔ اچھی بات یہ ہے کہ یہ مقابلہ دبئی میں ہے یعنی ایون مورگن اس میچ میں دستیاب ہوں گے، وہی کپتان بھی ہوں گے، ورنہ لاہور میں ہوتا تو شاید یہ "سہولت" بھی میسر نہ ہوتی۔

اسلام آباد کے لیے اچھی خبر تو یہ ہے کہ ایلکس ہیلز آتے ہی شاندار کارکردگی دکھا رہے ہیں جبکہ جے پی دومنی اور لیوک رونکی بھی عمدہ فارم میں ہیں البتہ مصباح الحق ہاتھ میں چوٹ لگنے کی وجہ سے اس اہم ترین میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ ان کی جگہ شاید سیم بلنگز کو پہلا موقع دیا جائے جو خود بھی کسی سے کم نہیں۔

یعنی ہم کہہ سکتے ہیں کہ مقابلہ ٹکّر کا ہوگا۔