جویریہ کی شاندار سنچری، پاکستان سری لنکا کے خلاف کامیاب
آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ کے ابتدائی مقابلے میں پاکستان نے جویریہ خان کی شاندار سنچری کی بدولت سری لنکا کو 69 رنز سے شکست دے دی۔ یوں پاکستان نے ویمنز کرکٹ کے اس بڑے ایونٹ میں اپنے سفر کا آغاز کامیابی کے ساتھ کیا ہے۔ پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں پر 250 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں میزبان 46 ویں اوورز میں صرف 181 رنز پر ڈھیر ہو گیا۔
سری لنکا کے خوبصورت شہر دمبولا میں کھیلے گئے اس میچ میں سری لنکن ویمن ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بلےبازی کی دعوت دے ڈالی۔ پاکستان کی دونوں اوپنرز ناہیدہ خان اور منیبہ علی صرف 19 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئی تھیں تاہم جویریہ خان اور کپتان بسمہ معروف نے اننگز کو سنبھالا اور مجموعے کو 68 تک پہنچا دیا۔ یہاں پر کپتان 19 رنز پر کیچ آؤٹ ہو گئیں۔ پاکستان کو محض 4 رنز کے اضافے پر مزید نقصان اٹھانا پڑا مگر اس دباؤ کے مرحلے میں جویریہ خان ایک اینڈ سے ڈٹی رہیں۔ انہوں نے ندا ڈار کے ساتھ شراکت داری میں 72 رنز کا اضافہ کیا اور مجموعے کو 144 تک پہنچا دیا۔ 34 رنز پر ندا کے آؤٹ ہونے کے بعد جویریہ کا ساتھ دینے بالترتیب ثناء میر اور نتالیہ پرویز آئیں۔ ثنا تو 27 رنز بنا کر ہمت ہار گئیں مگر جویریہ اور نتالیہ ناقابل شکست رہیں۔ جویریہ نے اپنی شاندار سنچری مکمل کی اور 113 رنز کے ساتھ میدان سے ناٹ آؤٹ واپس آئیں۔ پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں پر 250 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکن کی اوپنر ہسنی پریرا کو ڈیانا بیگ نے پہلے اوور کی دوسری گیند پر ہی دبوچ لیا تاہم نپونی ہنسیکا اور کپتان چماری اتاپتو نے مل کر ٹوٹل کی نصف سنچری کروا دی۔ 51 رنز پر ہنسیکا کی وکٹ گری جس کے بعد کپتان نے ایک چھکے اور 6چوکوں کی مدد سے عمدہ اننگز کھیلی مگر بدقسمتی سے صرف 4 رنز کی کمی سے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کر سکیں۔ میزبان پر یکدم دباؤ طاری ہو گیا جس کا پورا پورا فائدہ پاکستانی گیند بازوں نے اٹھایا اور اپنی نپی تلی گیند بازی سے وقفے وقفے سے لنکن وکٹیں سمیٹتی رہیں۔ کوئی بلے باز لمبی اننگز نہیں کھیل سکا سوائے ششیکالا سری وردنے کے جنہوں نے کمال ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 44 رنز بنائے۔ 46 ویں اوور میں پوری لنکن ٹیم 181 رنز پر آؤٹ ہو چکی تھی۔ پاکستان کی طرف سے بسمہ معروف اور ثناء میر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس جیت کے ساتھ ہی پاکستان نے چیمپیئن شپ میں دو قیمتی پوائنٹ حاصل کرلیے ہیں۔