پاکستان سپر لیگ 4 سے متعلق اہم اعلان

0 2,137

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے پاکستانی شائقین کو زبردست خبر سنائی ہے اور وہ یہ کہ 2019ء میں پاکستان سپر لیگ 4 کے آدھے میچز متحدہ عرب امارات اور آدھے پاکستان میں منعقد کھیلے جائیں گے۔ پی ایس ایل کے فارمیٹ میں کل 34 ٹی ٹوینٹی مقابلے ہوتے ہیں جن میں سے 30 میچ پلے آف سے پہلے اور 4 بعد میں ہوتے ہیں۔ اگر یہی فارمیٹ برقرار رہا تو پی ایس ایل 2019ء کے 17 مقابلوں کی میزبانی پاکستان کرے گا۔

ایک اور دلچسپ بات سامنے آئی ہے کہ سیزن 4 کے مقابلے صرف ہفتہ وار تعطیلات (ویک اینڈ) پر ہی کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یعنی متحدہ عرب امارات میں جمعرات اور جمعہ کی چھٹی کے دن میچز ہوں گے۔ پاکستان میں ہفتہ اور اتوار کو چھٹی ہوتی ہے اس لیے انہیں دنوں میں میچز ہوں گے۔ شاید یہ فیصلہ میدانوں میں زیادہ سے زیادہ شائقین کی آمد کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔

چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے گزشتہ دن نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا دورہ کیا اور پی ایس ایل 3 فائنل کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں نجم سیٹھی نے لاہور اور کراچی کے اسٹیڈیمز پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اب پشاور اور اسلام آباد کے میدانوں کو سجانے کی باری ہے جس کے لیے انہیں بین الاقوامی میچز کے معیار کے مطابق بنایا جائے گا۔