اسمتھ اور وارنر پر ایک، ایک سال کی پابندی

0 1,116

کرکٹ آسٹریلیا اس وقت شدید بحران کا شکار ہے اور بدنامی الگ سے مقدر بن رہی، تاہم بورڈ کے فوری ایکشن اور سزا نافذ کرنے سے بحران کی شدت میں کمی ضرور آئے گی۔

میڈیا کے مطابق آسٹریلین کرکٹ بورڈ نے بال ٹیمپرنگ پر قومی ٹیم کے کپتان اسٹیو اسمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر پر ایک، ایک سال کی پابندی عائد کر دی ہے جبکہ بلےباز کیمرون بینکرافٹ 9 ماہ تک پابندی کا شکار رہیں گے۔ علاوہ ازیں اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر آئندہ 2 سال تک ٹیم کی قیادت سے بھی محروم رہیں گے۔

اس سے پہلے آئی سی سی نے بال ٹیمپرنگ میں ملوث کپتان اسٹیو اسمتھ پر فوری طور پر ایک میچ کی پابندی کے علاوہ مکمل میچ فیس بطور جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا جو کہ کھیلوں کی بین الاقوامی گورننگ باڈی کی سزا کے علاوہ ہیں۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے مابین کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کینگرو بلےباز کیمرون بینکرافٹ کو بال پر پیلے رنگ کی ریگ مال نما ٹیپ رگڑتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس حرکت کی فوٹیج سامنے آنے کے بعد ڈریسنگ روم سے انہیں حکم ملا اور انھوں نے ٹیپ اپنی پتلون کے اندر چھپا لی۔ جلد ہی یہ نیوز اور فوٹیج دنیا بھر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ بال ٹیمپرنگ کے اس اسکینڈل کے سامنے آتے ہی کینگرو بورڈ نے فورا ً آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر سے قیادت کی ذمہ داریاں واپس لے لیں۔ بعدازاں کپتان اسمتھ نے پریس کانفرنس کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کر لیا اور اسے باقائدہ گروپ کی صورت میں بنائے گئے منصوبے کو بھی تسلیم کیا جسے عملی جامہ کیمرون بینکرافٹ کو پہنانا تھا۔ بال ٹیمپرنگ میں ملوث تینوں کھلاڑیوں کے فوراً اعتراف نے ان کی کچھ بچت کروا دی ورنہ مزید سخت کا شدید خطرہ لاحق ہو سکتا تھا۔