پی ایس ایل اور نمبروں کا کھیل

0 2,113

پاکستان سپر لیگ کا تیسرا سیزن متحدہ عرب امارات سے شروع ہوکر تقریباً ایک ماہ میں وطن عزیز میں اختتام پذیر ہوا۔ اعداد و شمار کے حوالے سے سیزن میں کون سب سے آگے رہا، آئیے ذرا ان پر نظر ڈالتے ہیں:

- کامران اکمل واحد بلے باز ہیں جنہوں نے پاکستان سپرلیگ کی تاریخ میں 2 سنچریاں بنا رکھی ہیں۔ پہلی گزشتہ سال کراچی کنگز کے خلاف اور دوسری موجودہ سیزن میں لاہور قلندرز کے مقابلے میں۔ اس دوران "کامی" پہلے وکٹ کیپر بلے باز بھی بنے، جنہیں ٹی20 فارمیٹ میں 4 سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل ہوا۔

- ملتان سلطانز کی نمائندگی کرتے ہوئے عمر گل نے موجودہ سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 24 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں جو پی ایس ایل کی تاریخ میں دوسری بہترین گیندبازی ہے۔ پہلے نمبر پر کراچی کنگز کے روی بوپارا ہیں جنہوں نے 2016ء میں لاہور قلندرز کے خلاف 16 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

- لاہور قلندرز کے پاس مسلسل 8 میچز میں شکست کھانے کا منفرد "اعزاز" موجود ہے۔ دوسرے سیزن کے آخری دو مقابلوں ہارنے کے بعد لاہور کی شکستوں کا سلسلہ تیسرے سیزن کے ابتدائی 6 میچز میں بھی جاری رہا۔ یہاں تک کہ ساتویں مقابلے میں ملتان سلطانز کو ہرا کر اس منحوس سلسلے کا خاتمہ کیا۔

- اسلام آباد یونائیٹڈ کے فہیم اشرف نے پی ایس ایل تھری میں سب سے زیادہ 18 وکٹیں حاصل کیں جو کہ پی ایس ایل کی تاریخ میں کسی بھی گیندباز کی ایک سیزن میں سب سے زیادہ وکٹیں ہیں۔ گزشتہ سیزنز میں سہیل خان اور آندرے رسل 16، 16 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

- 17 سالہ شاہین آفریدی پی ایس ایل میں کسی مقابلے میں 5 وکٹیں لینے والے کم عمر ترین گیندباز بنے۔ دبئی میں ملتان سلطانز کے خلاف شاہین نے 3.4 اوورز میں صرف 4 رنز کے عوض یہ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

- کراچی کنگز کے محمد عرفان جونیئر پی ایس ایل کی تاریخ کے ایک اوور کے مہنگے ترین گیندباز ثابت ہوئے۔ انہوں نے موجودہ سیزن شارجہ میں پشاور زلمی کے خلاف 1 اوور میں 28 رنز دیے تھے۔

- پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سب سے بڑے مارجن سے فتح حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ اس نے موجود سیزن میں ایک مقابلے میں کراچی کنگز کو 67 رنز کے بڑے فرق سے شکست دی تھی۔

- پی ایس ایل تھری میں جس ٹیم نے سب سے بڑا مجموعہ اکٹھا کیا وہ کراچی کنگر تھی۔ ملتان سلطانز کے خلاف 3 وکٹوں کے نقصان پر کراچی نے 188 رنز بنائے تھے۔

- حالیہ پی ایس ایل کے دوران شاہد آفریدی میں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں اپنی 300 وکٹیں مکمل کیں۔ اس طرح "لالا" یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی اور مجموعی طور پر چوتھے گیندباز بن گئے۔ ان کے علاوہ لاستھ ملنگا، ڈیوین براوو اور سنیل نرائن بھی یہ سنگ میل عبور کر چکے ہیں۔

- عمر گل پہلے پاکستانی گیندباز بنے، جنہوں نے موجودہ سیزن کے دوران ٹی20 فارمیٹ میں تیز ترین 200 وکٹیں مکمل کیں۔