پاکستان میں نہیں کھیلیں گے: کرکٹ آسٹریلیا

0 1,295

کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان کی ’ہوم سیریز‘ متحدہ عرب امارات سے پاکستان منتقل کرنے کے امکان کو رد کردیا ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ آسٹریلیا سے پاکستان میں ٹی ٹوینٹی میچ کھیلنے کی درخواست کی تھی جس کا جواب مثبت نہیں آیا۔ اس ضمن میں گزشتہ سال سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے ساتھ کھیلے جانے والے مقابلوں کی مثال بھی دی گئی تاہم کرکٹ آسٹریلیا نے ایسی کوئی بھی تجویز ماننے سے انکار کردیا ہے۔

پاکستان رواں سال ستمبر اور اکتوبر میں متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا کی ’میزبانی‘ کرے گا۔ اس دوران دونوں ٹیمیں تین ٹیسٹ اور ایک ٹی ٹوینٹی مقابلے کھیلیں گی۔ ٹیسٹ میچز کے مقام اور تاریخ طے پا گئے ہیں تاہم واحد ٹی ٹوینٹی کی تفصیلات اب تک سامنے نہیں آئیں۔

کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان نے اس حوالے سے کہا کہ وہ کسی بھی طے شدہ مقابلے کا مقام تبدیل کرنے پر غور نہیں کر رہے۔ انہوں نے خبر رساں ادارے کو کہا کہ آسٹریلیا کے لیے کھلاڑیوں کی حفاظت سب سے زیادہ اہم ہے اس لیے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کرکٹ میچز کو عرب امارات سے پاکستان منتقل کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔

آخری مرتبہ، اب سے بیس سال قبل، 1998ء میں پاکستان نے آسٹریلیا کی میزبانی کی تھی۔ اس کے بعد سے ان دونوں کے درمیان متحدہ عرب امارات، انگلستان اور سری لنکا پر کئی سیریز کھیلی جا چکی ہیں۔