پاکستان کرکٹ بورڈ آئرلینڈ کی میزبانی کا خواہاں

0 1,062

بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو ٹیسٹ کا درجہ حاصل کرنے والے نئے ملک آئرلینڈ کی شکل میں ایک نئی امید نظر آنا شروع ہو گئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پی سی بھی اسے مہمان بنانے کا خواب دیکھنے لگے ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ پاکستان اور آئرلینڈ کے مابین 11 مئی سے شروع ہونے والا ٹیسٹ میچ دیکھنے کے لیے برطانیہ جانے والے پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی آئرلینڈ کرکٹ بورڈ کے عہدیداروں سے بات چیت میں آئرش ٹیم کو دورۂ پاکستان کی باضابطہ دعوت دیں گے۔

یاد رہے آئرش ٹیم 11 مئی سے اپنی تاریخ کا اولین ٹیسٹ پاکستان کے خلاف کھیلنے جا رہی ہے۔ اس اہم موقع پر آئرلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے نجم سیٹھی کو مقابلہ دیکھنے کی خصوصی دعوت دی گئی ہے۔

آئرلینڈ کو پی سی بی نے اس سے پہلے 2014 میں بھی پاکستان آنے کی دعوت دی تھی جس کی انہوں نے حامی بھر لی تاہم کراچی ایئرپورٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی وجہ سے یہ دورہ منسوخ کر دیا گیا۔ اب چونکہ پاکستان میں امن وامان کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اور پی ایس ایل کے اہم مقابلوں کے علاوہ دورہ ویسٹ انڈیز کے کامیاب انعقاد کے بعد اب امید کی جا سکتی ہے کہ آئرلینڈ بھی پاکستان کے میدانوں کو ایک بار پھر آباد کرنے پر راضی ہو جائے گا۔