دو سے زائد ٹی20 لیگز نہ کھیلیں؛ پاکستانی کھلاڑیوں کو ہدایت

0 1,105

کرکٹ کی دنیا میں لیگ ٹورنامنٹس کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے جس کی وجہ نامور کھلاڑی کی مصروفیات بھی بڑھ گئی ہیں۔ اس سے پیسے کی ریل پیل میں تو یقینا بہت اضافہ ہوا ہے مگر مسلسل مصروف رہنے کی وجہ سے کھلاڑی فٹنس مسائل کا شکار ہوتے جا رہے ہیں اور اس کی وجہ سے کھلاڑیوں کی اپنی قومی ٹیم سے کمٹمنٹ متاثر ہو رہی ہیں اور وہ ملک کے لئے کماحقہ حق ادا نہیں کر پا رہے۔

یہی وجہ ہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نجم سیٹھی کی زیر سربراہی ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ کے معاملات پر بورڈ کے اہم اجلاس میں تجویز دی گئی ہے کہ قومی کھلاڑیوں کو سال بھر میں صرف دو ٹی20 لیگ کھیلنے تک محدود کیا جائے۔ واضح رہے کہ مجوزہ تعداد پاکستان سپر لیگ کے علاوہ ہے جس کا مطلب ہے ہر سنٹرل کنٹریکٹ شدہ کھلاڑی سیزن میں پی ایس ایل سمیت دو لیگ ایونٹس میں شرکت کر سکے گا۔

اس ممکنہ فیصلہ کے حوالے سے اعتراضات بھی سامنے آ رہے ہیں کیونکہ پاکستانی کھلاڑیوں کی آمدن پہلے ہی دیگر بڑے ممالک کے کھلاڑیوں سے کم ہے اور اوپر سے ان پر آئی پی ایل جیسی امیر ترین لیگ کے دروازے بھی بند ہیں ایسے میں یہ فیصلہ بہت تباہ کن ہو گا۔

اس کے علاوہ اجلاس میں کھلاڑیوں کی ڈومیسٹک کرکٹ اور غیر ملکی لیگ میں شرکت کے حوالے سے ایک نیا قانون تیار کرنے کا بھی اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کے مالی حالات کو بہتر کرنے کے لئے ریجنل ٹیم کے کھلاڑیوں کی فیس میں اضافہ بھی ہو جائے گا۔

اجلاس کے حوالے سے حتمی رپورٹ آئندہ چند روز میں پی سی بی چیئرمین کو پیش کی جائے گی جس کے بعد چیئرمین کی منظوری سے ان تمام تجاویز کو قانونی شکل مل جائے گی۔