ٹی20 لیگز کی قدغن: فیکا نے تحفظات کا اظہار کر دیا

0 1,160

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی ٹی20 لیگز کے حوالے سے مجوزہ پالیسی کے خلاف فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن (فیکا) میدان میں آ گئی۔ فیکا نے اس ممکنہ پالیسی کو کھلاڑیوں کے ساتھ زیادتی قرار دیا ہے جس کے تحت پی سی بی نے کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کے لئے صرف دو ٹی20 لیگ میں شرکت کی تجویز کو حتمی شکل دی تھی۔

فیکا کے ایگزیکٹیو چیئرمین ٹونی آئرش کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں پر ٹی20 لیگز میں محدود حصہ لینے کی پالیسی پروفیشنل کرکٹرز کے روزگار کے مواقع محدود کرنے کی کوشش ہے جو کہ کسی بھی صورت مناسب نہیں ہے۔ انہون نے مزید کہا کہ اس سے کھیل کے نظام میں درپیش بنیادی مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ کھلاڑیوں ذہنی طور پر مطمئن نہ ہونے سے مشکلات بڑھ جائیں گی۔

ٹونی آئرش نے مزید کہا کہ ہم مختلف ممالک کی جانب سے اپنے کھلاڑیوں پر بوجھ کے متعلق سنجیدگی سے سوچنے اور اسے پرسکون حالات مہیا کرنے کی بہت عزت کرتے ہیں مگر ایسی پابندیوں کا اطلاق کلی پالیسی کی شکل میں تمام کھلاڑیوں پر نافذ نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات کا نتیجہ ہمیشہ عدم اطمئنان کی صورت سامنے آیا ہے اور کھلاڑیوں کی جانب سے کنٹریکٹس پر دستخط سے انکار بھی دیکھنے کو ملا اور کہیں پر تو بین الاقوامی کرکٹ سے قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی صورت میں سامنے بھی آیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس قسم کی پابندی کا نتیجہ بین الاقوامی سطح پر زوال کی صورت سامنے آئے گا اور ویسے بھی قوانین کے لحاظ سے بھی یہ پابندیاں غیر قانونی ہیں۔

یاد رہے کہ پی سی بی کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشن ہارون رشید اس فیصلے کو تاحال تجویز قرار دیتے ہوئے اس پالیسی پر نظرثانی کی بات بھی کر رہے ہیں۔