کیون اوبرائن کے لیے ایک اور اعزاز

0 1,067

آئرلینڈ کی تاریخ کے پہلے ٹیسٹ میں کیون اوبرائن نے 118 رنز کی اننگز کھیلی اور ملک کے پہلے سنچری میکر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میں فالو-آن کے بعد ان کی سنچری اننگز ہی آئرلینڈ کو مقابلے میں واپس لائی اور بہت دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا جو بہرحال، پاکستان نے پانچ وکٹوں سے جیتا۔

اس شاندار اننگز کی بدولت کیون کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی ملا اور ساتھ ہی وہ ٹیسٹ بلے بازوں کی عالمی رینکنگ میں بھی نمایاں ہوگئے ہیں۔ 34 سالہ اوبرائن نے درجہ بندی میں آغاز ہی 440 پوائنٹس کے ساتھ کیا ہے جس کے ساتھ وہ بہترین بلے بازوں میں 66 ویں نمبر پر ہیں۔ وہ ٹاپ 100 میں موجود آئرلینڈ کے واحد بلے باز ہیں۔

کیونکہ اس وقت بہت زیادہ ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلی جا رہی اس لیے ٹاپ 10 بلے بازوں میں صرف ایک ہی تبدیلی رونما ہوئی ہے۔ آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیون اسمتھ، جنہیں کچھ عرصہ قبل بال ٹیمپرنگ کی وجہ سے ایک سال کی پابندی کا سامنا ہے، 929 پوائنٹس کے ساتھ اب بھی پہلے نمبر پر ہیں۔ ان کے بعد بھارتی کپتان ویراٹ کوہلی ہیں جبکہ بالترتیب انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے کپتان جو روٹ اور کین ولیم سن تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔ ان کے بعد ڈیوڈ وارنر، اے بی ڈی ولیئرز، چیتشور پجارا، ڈین ایلگر اور آئیڈن مرکریم ہیں۔ ٹاپ 10 میں واحد پاکستانی بلے باز اظہر علی تھے جو آئرلینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ میں بدترین ناکامی کی وجہ سے 12 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔

بلے بازی میں اپنے جوہر دکھانے والے پاکستانی آل راؤنڈر فہیم اشرف سب سے زیادہ ترقی کرنے والے بنے جو 392 پوائنٹس کے ساتھ 81 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ 74 رنز کی فاتحانہ اننگز کھیلنے والے ڈیبیوٹنٹ امام الحق 113 ویں نمبر پر ہیں۔

پاکستان عالمی درجہ بندی میں ایک پوائنٹ ملنے کے باوجود بدستور ساتویں نمبر پر ہے۔ چھٹے نمبر پر موجود سری لنکا پاکستان نے 8 پوائنٹس آگے ہیں۔ بھارت 125 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ جنوبی افریقہ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ اس سے پیچھے ہیں۔