نیپال کا نوجوان اسپنر ورلڈ الیون میں شامل

0 1,938

نیپال کے ابھرتے نوجوان اسپنر سندیپ لامیچھانے کو آئی سی سی الیون کا حصہ بنا لیا گیا ہے جو 31 مئی کو ایک ٹی20 چیرٹی میچ میں ویسٹ انڈیز سے ٹکرائے گی۔ یاد رہے لارڈز میں کھیلے جانے والے اس چیرٹی میچ کا مقصد ان کیریبین اسٹیڈیم کی بحالی کے لیے فنڈز جمع کرنا ہے جنہیں گزشتہ سال شدید طوفان کے باعث نقصان پہنچا تھا۔

17 سالہ سندیپ پہلی مرتبہ 2014 میں انڈر19 کے عالمی کپ میں نظر آئے جہاں انہوں نے 16 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اس کے علاوہ لامیچین نے رواں سال نمیبیا میں چھٹے آئی سی سی ورلڈ کرکٹ لیگ ڈویژن کی جانب سے دو میچ کھیلے اور 17 وکٹیں کمائی۔ مزید برآں مارچ میں آئی سی سی کوالیفائیر مرحلے میں 13 وکٹیں بھی اپنے نام کیں۔

تاہم سب سے زیادہ اہمیت اسے تب حاصل ہوئی جب وہ پہلے نیپالی کی صورت میں موجودہ آئی پی ایل میں دہلی ڈیرڈیولز کی جانب سے کھیلنے کے لئے منتخب ہوئے اور اس نے پہلے ہی میچ میں اہم کامیابی حاصل کر کے اپنا انتخاب درست ثابت کر دکھایا۔

سندیپ کے لئے آئی سی سی ورلڈ الیون میں انتخاب کسی نعمت سے کم نہیں ہے جس کی وجہ سے اسے کرکٹ کے عالمی منظرنامے میں پہچان مل جائے گی۔ ورلڈ الیون میں ان کا انتخاب بنگلادیشی آل رائونڈر شکیب الحسن کی جگہ ممکن ہوئی جنھوں نے ذاتی وجوہات کے سبب لندن میں شیڈول میچ کھیلنے سے معذرت کرلی تھی۔

17سالہ نوجوان نیپالی اسپنر کو ورلڈ الیون میں جن مقبول عالمی سٹار کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملے گا ان میں ایون مورگن (کپتان)، شاہد آفریدی، تمیم اقبال، دنیش کارتھک، راشد خان، مائیکل میککلینگھن، شعیب ملک، ہردیک پانڈیا، تھیسارا پریرہ اور لیوک رونچی شامل ہیں اور جن سٹار کے مقابل کھیلنے کا موقع مل رہا ہے ان میں سیموئیل بدری، کارلوس بریتھویٹ، کرس گیل، ایون لیوس، مارلن سموئیلز اور اینڈرے رسل شامل ہیں۔