دوبارہ ٹیسٹ ڈیبیو کر رہا ہوں: جوس بٹلر کے احساسات

0 1,098

پاکستان اور انگلینڈ کے مابین دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز 24 مئی سے شروع ہونے کو ہے اس ضمن میں انگلش بورڈ نے جوس بٹلر کو دوبارہ طلب کر لیا ہے۔ جوس بٹلر دسمبر 2016 میں بھارت کے خلاف چنائے میں کھیلنے کے بعد سے اب تک کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلے۔ تقریبا 18 ماہ بعد اچانک بٹلر کو قومی اسکوارڈ کا حصہ بنانے پر ٹیم ممبرز کے علاوہ خود بٹلر بھی بہت حیران ہیں۔ اس کے علاوہ رواں برس انھوں نے کوئی فرسٹ کلاس میچ تک نہیں کھیلا جبکہ انھیں چار روزہ فارمیٹ میں سنچری بنائے ہوئے بھی 4 برس بیت چکے ہیں۔

ٹیسٹ اسکواڈ میں واپسی پر جوس بٹلر کا کہنا ہے مجھے ایسا لگ رہا ہے جیسے میں دوبارہ ٹیسٹ ڈیبیو میچ کھیلنے لگا ہوں، کیونکہ کہیں نہ کہیں یہ بات میرے ذہن میں مستحکم ہو چکی تھی کہ شاید مجھے دوبارہ موقع نہیں ملے گا حالانکہ میں نے کبھی بھی دوبارہ ٹیسٹ نہ کھیلنے کا نہیں کہا۔

جوس بٹلر اس وقت آئی پی ایل میں مصروف ہیں اور بہترین فارم میں محسوس ہو رہے ہیں۔ آئی پی ایل کی آخری 6 اننگز میں جوس بٹلر 5 نصف سنچریاں جڑ چکے ہیں جن میں 94 اور 95 کی ناقابل شکست اننگز بھی شامل ہیں تاہم یہ بھی حقیقت ہے کہ ٹی20 فارمیٹ اور ٹیسٹ فارمیٹ میں بہت فرق ہے اور وہ اس سے آگاہ ہیں، اسی لئے ان کا کہنا ہے کہ میں ٹیسٹ کرکٹ میں ایک بار پھر موقع ملنے پر بہت پر جوش ہوں اس موقع کو میں ضائع نہیں ہونے دونگا بلکہ بہترین کارکردگی سے اسکوارڈ میں اپنی جگہ پکی کرنے کی کوشش کروں گا۔