شین وارن کی موت پر گاوسکر کا عجیب تبصرہ

0 1,001

بھارت کے سابق کپتان سنیل گاوسکر اس وقت سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا سامنا کر رہے ہیں کیونکہ انہوں نے شین وارن کے حوالے سے اُس وقت ایک عجیب سا تبصرہ کیا جب ان کی اچانک وفات کو محض ایک دن ہوا تھا۔

وہ بھارتی ٹیلی وژن "انڈیا ٹوڈے" کے ایک پروگرام میں بات کر رہے تھے، جس میں میزبان راج دیپ سارڈیسائی نے ان سے سوال کیا کہ کیا وہ شین وارن کو تاریخ کا عظیم ترین اسپن باؤلر سمجھتے ہیں؟

اس بے محل سوال کا جواب دیتے ہوئے گاوسکر نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ متایا مرلی دھرن اور بھارت کے کئی اسپنرز وارن سے بہتر تھے۔ انہوں نے صرف اسی جملے پر اکتفا نہیں کیا بلکہ اپنے اس تاثر کی وجہ بھی تفصیلاً بیان کی کہ " شین وارن کا بھارت میں ریکارڈ دیکھ لیں، یہ بہت ادنیٰ سا ہے۔ بھارت میں انہوں نے صرف ایک مرتبہ اننگز میں پانچ وکٹیں لی ہیں اور وہ بھی انہیں اس لیے مل گئیں کیونکہ ظہیر خان اندھا دھند بلّا گھما رہے تھے اور انہیں اپنی وکٹ دے گئے۔ اس لیے بھارتی کھلاڑیوں کے خلاف بہت زیادہ کامیابیاں نہ ملنے کی وجہ سے میں انہیں عظیم ترین اسپنر نہیں کہوں گا۔ بھارت کے خلاف زیادہ کامیابیوں کی وجہ سے میں متایا مرلی دھرن کو وارن سے اوپر سمجھتا ہوں۔"

واضح رہے کہ سری لنکا سے تعلق رکھنے والے آف اسپنر مرلی دھرن نے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ 800 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں جبکہ وارن 708 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

مرلی دھرن اور شین وارن کا بھارت کے خلاف ریکارڈ

باؤلرمیچزوکٹیںبہترین باؤلنگ اننگزاوسط5 وکٹیں
مرلی دھرن221058/8732.617 مرتبہ
شین وارن 14436/12547.181 مرتبہ

ویسے بھارت واحد ملک ہے کہ جس کے خلاف وارن کا باؤلنگ اوسط 30 سے زیادہ تھا۔ عظیم لیگ اسپنر نے سرزمینِ ہند پر 14 میچز کھیلے اور 47.18 کے بھاری اوسط سے صرف 43 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے مقابلے میں مرلی دھرن کا اوسط 32.16 رہا، جنہوں نے اپنے کیریئر میں 105 بھارتی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ ایسی باتیں کرنے کا موقع نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سنیل گاوسکر کے تبصرے پر عوام نے سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔

برطانوی صحافی جیک مینڈل نے کہا کہ سنیل گاوسکر بھارتی اسپنرز اور مرلی دھرن کو بہتر قرار دینے کے لیے موقع کون سا استعمال کر رہے ہیں؟ شین وارن کی وفات کا۔ یہ ایسی باتیں کرنے کا وقت نہیں ہے۔ اس سوال کا جواب دینا ضروری نہیں تھا۔

عام سوشل میڈیا صارفین نے بھی سنیل گاوسکر کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ ایک صارف نے کہا کہ یہ گفتگو بہت ہی شرمناک تھی۔ راج دیپ سارڈیسائی کو یہ سوال کرنا چاہیے تھا، نہ گاوسکر کو جواب دینا چاہیے تھا۔ "کیا یہ کسی سے یہ سوال کرنے کا وقت ہے کہ تاریخ کا عظیم ترین اسپنر کون ہے؟"

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ سنیل گاوسکر نے اس طرح کی کوئی بے تُکی بات کی ہے۔ ستمبر 2020ء میں انہوں نے ویراٹ کوہلی اور ان کی اہلیہ انُشکا شرما کے حوالے سے کہا تھا کہ "لاک ڈاؤن تھا تو کوہلی نے صرف انُشکا کی باؤلنگ کی پریکٹس کی۔" اس پر انُشکا نے کافی سخت ردِ عمل ظاہر کیا تھا۔