ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستان کی شکستوں کا سلسلہ دراز تر

0 570

ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستان کا کیا خوب استقبال ہوا ہے۔ پہلے مقابلے میں روایتی حریف بھارت نے بُری طرح شکست دی اور اب آسٹریلیا نے بھی ہاتھ صاف کر لیے ہیں۔ یوں ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستان کی ہار کا دراز تر ہوتے ہوئے مسلسل 16 شکستوں تک جا پہنچا ہے۔

ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلے گئے مقابلے میں پاکستان پہلے بلے بازی کی دعوت ملنے کے بعد کپتان بسمہ معروف اور عالیہ ریاض کی نصف سنچریوں کے باوجود 50 اوورز میں صرف 190 رنز ہی اکٹھے کر پایا۔

دونوں کی 99 رنز کی شراکت داری سے پہلے پاکستان کی چار وکٹیں صرف 44 رنز پر گر چکی تھیں۔ بسمہ اور عالیہ نے وکٹیں تو بچا لیں لیکن گیندیں بہت ضائع کر دیں۔ 99 رنز کے لیے انہوں نے 189 گیندیں استعمال کر ڈالیں، یعنی 31 اوورز سے بھی زیادہ۔ جب یہ شراکت داری ختم ہوئی تو پانچ اوورز کا کھیل ہی باقی بچا تھا، جن میں 47 رنز بنانے کے باوجود پاکستان 200 تک بھی نہیں پہنچ سکا۔

بسمہ معروف نے 122 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے 78 رنز بنائے اور آخر تک آؤٹ نہیں ہوئیں جبکہ عالیہ ریاض کے 53 رنز 109 گیندوں پر بنے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایلانا کنگ نے 24 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں آسٹریلیا کی اوپنرز ایلیسا ہیلی اور ریچل ہینز نے ابتدائی 10 اوورز میں ہی 6 کے اوسط سے رنز بنائے اور 21 اوورز تک آسٹریلیا صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 123 رنز بنا چکا تھا۔ میدان صاف تھا اور آسٹریلیا نے 35 ویں اوور میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف کو حاصل کر لیا۔

آسٹریلیا کا کام پاکستان کی فیلڈرز نے بھی آسان کیا جن میں ندا ڈار کی جانب سے 26 رنز پر ہینز کا کیچ چھوڑنا بھی شامل تھا۔

ایلیسا ہیلی 79 گیندوں پر 72 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں رہیں جبکہ کپتان میگ لیننگ نے 37 گیندوں پر 35 رنز بنائے۔

پاکستان کی کسی باؤلر کے لیے آسٹریلوی بلے بازوں کو روکنا آسان ثابت نہیں ہوا۔ عمیمہ سہیل نے 8 اوورز میں 39 رنز دے کر 2 جبکہ نشرح سندھو نے 7 اوورز میں 30 رنز دے کر 1 وکٹ حاصل کیں۔

پاکستان کو مسلسل شکستوں کا سلسلہ ختم کرنے کا اگلا موقع جمعہ 11 مارچ کو ملے گا جب وہ اسی میدان پر جنوبی افریقہ سے کھیلے گا۔

ویمنز ورلڈ کپ - میچ نمبر 6

پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا

نتیجہ: آسٹریلیا 7 وکٹوں سے جیت گیا

پاکستان190/6
بسمہ معروف78 رنز122 گیندیں
عالیہ ریاض53 رنز109 گیندیں
آسٹریلیا باؤلنگامرو
ایلانا کنگ90242
ایلیس پیری51271

آسٹریلیا193/3
ایلیسا ہیلی72 رنز79 گیندیں
میگ لیننگ35 رنز37 گیندیں
پاکستان باؤلنگامرو
عمیمہ سہیل80392
نشرح سندھو70301