ویمنز ورلڈ کپ، آسٹریلیا اور بھارت کی زبردست فتوحات

0 1,000

ویمنز ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کی فتوحات کا سلسلہ بالآخر آسٹریلیا کے ہاتھوں رک گیا جس نے کپتان میگ لیننگ کی شاندار سنچری کی بدولت 272 رنز کا بہت بڑا ہدف بھی با آسانی حاصل کر لیا

دوسری جانب بھارت نے بنگلہ دیش کو بھاری شکست دے کر اپنی سیمی فائنل کھیلنے کی امیدوں کو زندہ رکھا ہوا ہے۔

ویلنگٹن میں کھیلے گئے مقابلے میں ٹاس آسٹریلیا نے جیتا اور پہلے جنوبی افریقہ کو کھیلنے کی دعوت دی۔ 88 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ نے آسٹریلیا کے فیصلے کو بڑی حد تک غلط ثابت کیا۔ یہ اِن فارم لورا وولفارٹ تھیں کہ جنہوں نے ایک مرتبہ پھر 50 کا ہندسہ عبور کیا بلکہ اس بار تو سنچری کے قریب بھی پہنچ گئیں لیکن اپنی چوتھی ون ڈے سنچری مکمل نہ کر پائیں۔

وولفارٹ 90 اور ان کے کچھ ہی دیر بعد کپتان سون لوس 52 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئیں۔ دونوں نے تیسری وکٹ پر 91 رنز کا اضافہ کیا تھا۔ آخر میں مریزان کاپ کی تیز رفتار اننگز نے اسکور کو 271 رنز تک پہنچا دیا۔

جنوبی افریقہ نے آخری 4 اوورز میں 43 رنز کا اضافہ کیا تو لگتا تھا یہ میچ کا فیصلہ کن مرحلہ ثابت ہوگا۔ لیکن نہیں جناب! سامنا بھی آسٹریلیا سے تھا۔ جس نے 10 اوورز میں دونوں اوپنرز کھونے کے باوجود میچ پر لمحہ بھر کے لیے بھی گرفت ڈھیلی نہیں کی۔ خاص طور پر لیننگ کی کیپٹن اننگز نے تو کمال ہی کر دیا۔ 130 گیندوں پر 15 چوکوں اور 1 چھکے کے ساتھ وہ 135 رنز بنا کر وہ آخر تک ایک اینڈ سے ڈٹی رہیں۔ لوئر مڈل آرڈر میں تالیا میک گرا نے 32 اور ایشلی گارڈنر اور اینابیل سدرلینڈ نے 22، 22 رنز بناکر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ یہاں تک کہ 46 ویں اوور ہی میں آسٹریلیا نے ہدف حاصل کر لیا۔

یہ آسٹریلیا کی موجودہ ورلڈ کپ میں مسلسل چھٹی کامیابی تھی اور وہ واحد ٹیم ہے جس نے ابھی تک کوئی میچ نہیں ہارا اور پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکا ہے۔

جنوبی افریقہ کی شکست کا ایک سبب ان کی مایوس کن فیلڈنگ ہے۔ لیننگ کا ایک کیچ اس وقت چھوڑا گیا جب وہ صرف 7 رنز پر کھیل رہی تھیں اور اس کے علاوہ بھی چار مواقع ضائع کیے گئے۔

ویمنز ورلڈ کپ - میچ نمبر 21

آسٹریلیا بمقابلہ جنوبی افریقہ

نتیجہ: آسٹریلیا 5 وکٹوں سے جیت گیا

جنوبی افریقہ271-5
لورا وولفارٹ90134
سون لوس5251
آسٹریلیا باؤلنگامرو
ایلانا کنگ71351
اینابیل سدرلینڈ60261

آسٹریلیا 🏆272-5
میگ لیننگ135130
تالیا میک گرا3235
جنوبی افریقہ باؤلنگامرو
شبنم اسماعیل71332
کلو ٹائرن80442

دوسری جانب ہیملٹن میں بھارت اوربنگلہ دیش کا مقابلہ تھا جس میں بھارت نے با آسانی 110 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے بھارت نے افتتاحی جوڑی نے 74 رنز بنائے لیکن یہی نمبر تھا جس پر اس کی تین وکٹیں گر گئیں۔ سمرتی مندھانا 30، شفالی ورما 42 اور کپتان مٹھالی راج پہلی ہی گیند پر صفر!

یہاں پر یاستیکا بھاٹیا نے ایک اینڈ مکمل طور پر سنبھال لیا اور 80 گیندوں پر 50 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ لوئر مڈل آرڈر میں وکٹ کیپر ریچا گھوش، پوجا وستراکر اور سنے رانا نے کارآمد اننگز کھیلی اور بھارت کو 229 رنز تک پہنچنے میں اہم کردار ادا کیا۔

بھارت نے آخری 7 اوورز میں 53 قیمتی رنز کا اضافہ کیا۔

‏230 رنز دیکھنے میں تو اتنا بڑا ہدف نہیں لگتا تھا لیکن بنگلہ دیشی بلے بازوں کے لیے یہ ہمالیہ جیسا ہدف ثابت ہوا۔ ٹاپ پانچ بلے بازوں میں سے صرف مرشدہ خاتون کی اننگز ہی دہرے ہندسے میں گئی۔ باقی کوئی 5 رنز سے آگے بھی نہ بڑھ پائیں۔ شرمین اختر 5، فرغانہ حق صفر، کپتان نگار سلطانہ 3 اور رومانہ احمد صرف 2۔ کہانی تو 35 رنز پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد ہی ختم ہو گئی تھی۔ اس کے بعد بس خانہ پُری ہی ہوئی۔ 41 ویں اوور میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 119 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور یوں 110 رنز کی شکست کھائی۔

بھارت کی جانب سے سنے رانا نے صرف 30 رنز دے کر 4 وکٹیں لیں جبکہ دو، دو کھلاڑیوں کو جھولن گوسوامی اور پوجا وستراکر نے آؤٹ کیا۔

ویمنز ورلڈ کپ - میچ نمبر 22

بھارت بمقابلہ بنگلہ دیش

نتیجہ: بھارت 110 رنز سے جیت گیا

بھارت 🏆229-7
یاستیکا بھاٹیا5080
شفالی ورما4242
بنگلہ دیش باؤلنگامرو
ریتو مونی102373
ناہیدہ اختر90422

بنگلہ دیش119
سلمیٰ خاتون3235
لتا موندل2446
بھارت باؤلنگامرو
سنے رانا102304
جھولن گوسوامی7.31192

اس بڑی کامیابی کی بدولت بھارت پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر آ گیا ہے اور اس کے سیمی فائنل کے امکانات بھی روشن ہو گئے ہیں کیونکہ 110 رنز کی فتح نے اس کے نیٹ رن ریٹ کو خوب فائدہ پہنچایا ہے۔

ویمنز ورلڈ کپ 2022ء - پوائنٹس ٹیبل

میچزجیتےہارےپوائنٹسنیٹ رن ریٹ
آسٹریلیا660121.287
جنوبی افریقہ54180.092
بھارت63360.768
ویسٹ انڈیز6336‎-0.885
انگلینڈ52340.327
نیوزی لینڈ6244‎-0.229
بنگلہ دیش5142‎-0.754
پاکستان5142‎-0.878