کیرون پولارڈ نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

0 872

محدود اوورز کی کرکٹ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان کیرون پولارڈ نے اچانک انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

پولارڈ اس وقت بھارت میں انڈین پریمیئر لیگ کھیل رہے ہیں۔ یہ اعلان انہوں نے اس وقت کیا ہے جب ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں صرف چھ مہینے باقی ہیں۔

ریٹائرمنٹ کا یہ اعلان پولارڈ نے اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ میں کیا ہے، جس میں ان کا کہنا ہے کہ انہیں 15 سال سے زیادہ عرصے تک ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے۔

‏35 سالہ نے ورلڈ کپ 2007ء میں اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اس کے بعد 123 ون ڈے اور 101 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کی۔ جی ہاں! آپ کی طرح ہمیں بھی یہ جان کر حیرت ہوئی کہ پولارڈ نے کبھی کوئی ٹیسٹ نہیں کھیلا۔ اپنے 224 میچز پر مشتمل انٹرنیشنل کیریئر میں پولارڈ نے کُل 4275 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ وہ 97 انٹرنیشنل وکٹیں بھی رکھتے ہیں۔

کیرون پولارڈ کے انٹرنیشنل کیریئر پر ایک نظر

فارمیٹمیچزرنزبہترین اننگزاوسطاسٹرائیک ریٹسنچریاںنصف سنچریاں
ون ڈے 123270611926.0194.41313
ٹی ٹوئنٹی101156975*25.30135.1406

وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2012ء میں چیمپیئن بننے والے ویسٹ انڈین اسکواڈ کا حصہ تھے۔

بین الاقوامی کرکٹ میں پولارڈ کی آخری بڑی مہم گزشتہ سال ہونے والا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تھا، جس میں اُن کی زیر قیادت ویسٹ انڈیز نے بھیانک کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ ٹیم اپنے 5 میں سے 4 میچز میں شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوئی۔ واحد کامیابی بنگلہ دیش کے خلاف حاصل کی، وہ بھی صرف 3 رنز سے۔

پولارڈ کی زیر قیادت میں ویسٹ انڈیز نے کُل 61 ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے، کہ جن میں سے 25 میں کامیابی حاصل کی اور 31 میں شکست کھائی۔

پولارڈ کی اصل وجہ شہرت ہے دنیا جہاں کی لیگز میں نمایاں کارکردگی۔ وہ اس فارمیٹ سے ابھی تک ریٹائر نہیں ہوئے ہیں، صرف بین الاقوامی کرکٹ ہی چھوڑی ہے۔

ویسے اب ویسٹ انڈیز کو فوری طور پر نئے کپتان کا اعلان کرنا ہوگا کیونکہ ٹیم کو جون میں تین ون ڈے میچز کھیلنے کے لیے پاکستان آنا ہے۔