پاکستان اب کس سے کھیلے گا؟

0 1,000

سال کے انتہائی مصروفیت تین ماہ کے بعد اب پاکستان کرکٹ کی سالانہ چھٹیاں شروع ہو گئی ہیں۔ رمضان کے مبارک مہینے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کو مزید ایک ماہ آرام کا موقع ملے گا اور پھر ایک طویل، سخت اور مشکل سیزن کا آغاز ہو جائے گا۔

سال کا آغاز پاکستان سپر لیگ کے ایک یادگار سیزن کے ساتھ ہوا، جس کے فوراً بعد آسٹریلیا کا تاریخی دورۂ پاکستان شروع ہوا۔ ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست اور ون ڈے میں شاندار کامیابی سمیٹنے کے بعد ٹیم تقریباً دو ماہ آرام کرے گی اور پھر 8 سے 12 جون تک ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک ون ڈے سیریز ہوگی۔

ویسٹ انڈیز نے پچھلے سال دسمبر میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے لیے پاکستان کا رُخ کیا تھا۔ یہ مقابلے کراچی میں ہوئے تھے لیکن اب ون ڈے مرحلہ راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

ویسٹ انڈیز کا دورۂ پاکستان 2022ء

بمقابلہبتاریخبمقام
پہلا ون ڈے پاکستان ویسٹ انڈیز‏8 جون 2022ءراولپنڈی
دوسرا ون ڈے پاکستان ویسٹ انڈیز ‏10 جون 2022ءراولپنڈی
تیسرا ون ڈے پاکستان ویسٹ انڈیز ‏12 جون 2022ءراولپنڈی

پاکستان کا دورۂ سری لنکا 2022ء

اس کے بعد پاکستان جولائی اور اگست میں سری لنکا کا دورہ کرے گا۔ یہ 2015ء کے بعد پہلا موقع ہوگا کہ پاکستان لنکا ڈھانے کے لیے جائے گا۔ اس سیریز میں دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔ اب تک ان مقابلوں کی تاریخیں اور مقامات طے نہیں ہوئے۔

ایشیا کپ 2022ء

پھر سری لنکا ہی میں ایشیا کپ بھی طے شدہ ہے جو 27 اگست سے 11 ستمبر تک کھیلا جانا ہے۔ یہ وہ ٹورنامنٹ ہے کہ جس کے انعقاد کے بارے میں کچھ پتہ نہیں ہوتا کہ کب اور کہاں ہو جائے اور کس فارمیٹ میں ہو۔ کیونکہ رواں سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھی کھیلا جانا ہے اس لیے امکان یہی ہے کہ میچز ٹی ٹوئنٹی ہوں گے۔ بہرحال، جیسے جیسے قریب آئے گا، معاملات واضح ہوتے جائیں گے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022ء

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ذکر کریں تو یہ 16 اکتوبر سے آسٹریلیا میں شروع ہوگا اور 13 نومبر تک جاری رہے گا۔ سال کے اس اہم ترین ٹورنامنٹ میں پاکستان اپنا پہلا میچ 23 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا۔ اس کے علاوہ پاکستان اپنے گروپ میں جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش سے بھی کھیلے گا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022ء میں پاکستان کے میچز

بمقابلہبتاریخبمقام
‏16 واں مقابلہ پاکستان بھارت‏23 اکتوبر 2022ءمیلبرن
‏24 واں مقابلہ پاکستان طے ہونا باقی ‏27 اکتوبر 2022ء پرتھ
‏30 واں مقابلہ پاکستان طے ہونا باقی ‏30 اکتوبر 2022ء پرتھ
‏36 واں مقابلہ پاکستان جنوبی افریقہ‏3 نومبر 2022ءسڈنی
‏41 واں مقابلہ پاکستان بنگلہ دیش‏6 نومبر 2022ء ایڈیلیڈ

انگلینڈ کا تاریخی دورۂ پاکستان 2022ء

لیکن ورلڈ کپ سے پہلے انگلینڈ کے دورۂ پاکستان کا پہلا مرحلہ منعقد ہوگا جس میں پاکستان اور انگلینڈ پورے 7 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلیں گے۔ یہ وہ دورہ ہے جو اکتوبر 2021ء میں ہونا تھا لیکن انگلینڈ نے اچانک دورہ ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔ اب رواں سال ستمبر میں نہ صرف انگلینڈ پاکستان کا دورہ کرے گا بلکہ پانچ کے بجائے سات ٹی ٹوئنٹی کھیلے گا۔ پھر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد تین ٹیسٹ میچز کھیلنے کے لیے واپس بھی آئے گا۔ یہ تاریخی ٹیسٹ سیریز دسمبر میں کھیلی جائے گی۔

نیوزی لینڈ کا دورۂ پاکستان ‏2022-23ء

دسمبر ہی میں نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم بھی پاکستان آئے گی۔ وہی نیوزی لینڈ جس نے گزشتہ سال پاکستان کے دورے پر آنے کے بعد اچانک پیٹھ دکھا دی تھی اور مبینہ خطرے کو بنیاد بناتے ہوئے دورہ ملتوی کر دیا تھا۔ بہرحال، نیوزی کے اس دورے میں دو ٹیسٹ میچز اور تین ون ڈے انٹرنیشنلز کھیلے گا۔ یہی نہیں بلکہ 2021ء کے دورے کی تلافی کے طور پر نیوزی لینڈ اگلے سال اپریل میں پانچ ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی مقابلے کھیلنے کے لیے بھی پاکستان آئے گا۔

خیر، یہ تو اگلے سال کی بات ہو گئی لیکن رواں سال آسٹریلیا کے بعد انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کی میزبانی کے ساتھ پاکستان یہ ثابت کر دے گا کہ وہ 2025ء میں چیمپیئنز ٹرافی جیسے اہم ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔