مانچسٹر میں حسن علی کا راج

0 1,001

کاؤنٹی کرکٹ میں آج پاکستانی باؤلرز کا دن تھا۔ ایک طرف شاہین آفریدی کی بہترین باؤلنگ تو دوسری طرف حسن علی کی تباہ کن کارکردگی نظر آئی۔

اولڈ ٹریفرڈ، مانچسٹر میں کاؤنٹی چیمپیئن شپ ڈویژن وَن کے مقابلے میں گلوسسٹرشائر بہترین پوزیشن پر تھا۔ ٹاس جیتنے کے بعد اس کے اوپنرز ہی 119 رنز بنا چکے تھے۔ لیکن یہاں حسن علی اینڈ کمپنی کی عمدہ باؤلنگ نے اس کے تمام بلے بازوں کو صرف 252 رنز پر چلتا کیا۔ یعنی لنکاشائر نے محض 133 رنز کے اضافے سے گلوسسٹرشائر کی10 وکٹیں حاصل کیں۔

ان میں سے 6 وکٹیں حسن علی کو ملیں، جنہوں نے اپنے 17 اوورز میں 47 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ وہ بھی ایسے وقت میں جب اُن کے تجربہ کار ساتھی باؤلر جیمز اینڈرسن 16 اوورز میں ایک وکٹ تک نہیں لے پائے۔

حسن علی کی اس کارکردگی نے لنکاشائر کو بالادست پوزیشن پر پہنچا دیا ہے۔ کینٹ کے خلاف پچھلے میچ میں حسن نے پانچ وکٹیں حاصل کر کے لنکاشائر کی کامیابی میں اپنا حصہ ڈالا تھا۔

واضح رہے کہ آج شاہین آفریدی نے مڈل سیکس کی جانب سے گلیمورگن کے خلاف بہترین باؤلنگ کی تھی۔ انہوں نے صرف 35 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا جن میں دنیا کے نمبر ایک ٹیسٹ بیٹسمین مارنس لبوشین بھی شامل تھے۔