اب تو عادت سی ہے، شان کی ایک اور سنچری

0 855

ایک اور دن اور شان مسعود کی ایک اور سنچری۔ جی ہاں! کاؤنٹی چیمپیئن شپ میں شان مسعود ایک مرتبہ پھر تہرے ہندسے کی اننگز کھیل گئے ہیں۔ فرق صرف اتنا ہے کہ اس سے پہلے جب بھی 100 رنز کا ہندسہ عبور کیا، 200 رنز کے بعد ہی آؤٹ ہوئے۔ لیکن اس بار پہلی مرتبہ وہ 113 رنز تک ہی محدود رہے۔

ڈربی شائر کی جانب سے کھیلنے والے پاکستانی اوپنر اس وقت بہترین فارم میں ہیں بلکہ سیزن میں ایک ہزار رنز بنانے کا کارنامہ بھی انجام دے سکتے ہیں۔ وہ اب تک 826 رنز بنا چکے ہیں اور تین اننگز اب بھی باقی ہیں۔ ویسے کیا پتہ کہ اگلی اننگز میں ہی اس سنگِ میل تک پہنچ جائیں؟

وارسسٹرشائر کے خلاف میچ میں پہلی اننگز میں شان مسعود نے صرف 132 گیندوں پر 113 رنز کی اننگز کھیلی۔

انہوں نے دوسری وکٹ پر وکٹ کیپر بروک گیسٹ کے ساتھ مل کر 158 رنز کی پارٹنرشپ بھی کی۔ جس کی بدولت ڈربی شائر چار وکٹوں پر 274 رنز تک پہنچ چکا ہے۔

اس سے پہلے وارسسٹرشائر نے 368 رنز بنائے تھے۔ پاکستان ہی کے اظہر علی وارسسٹرشائر کی جانب سے کھیل رہے ہیں اور بہت مایوس کُن سیزن کے بعد اب بالآخر ان کا بلّا چل پڑا ہے۔ پچھلے میچ میں ڈرہم کے خلاف 92 رنز بنانے کے بعد وہ ایک مرتبہ پھر 88 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

بہرحال، ان سے زیادہ نظریں اِس وقت شان مسعود پر ہیں۔ دیکھتے ہیں وہ اگلی اننگز میں کیا کر دکھاتے ہیں؟