میکسیویل کا طوفان، آسٹریلیا صرف 2 وکٹوں سے کامیاب

جب ناٹنگھم میں جونی بیئرسٹو ناممکن کو ممکن بنا رہے تھے، تب ہزاروں کلومیٹرز دُور پالی کیلے میں یہی کام آسٹریلیا کے گلین میکس ویل انجام دے رہے تھے، اور کامیاب و کامران بھی لوٹے۔ ان کی 51 گیندوں پر 81 رنز کی شاندار اننگز نے سری لنکا کو پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں ایک یقینی فتح سے محروم کر دیا۔
آسٹریلیا 301 رنز کے ہدف کے تعاقب میں تھا اور 30 اوورز میں 189 رنز تک اس کی آدھی وکٹیں گر چکی تھیں۔ پھر جو کسر رہ گئی تھی وہ بارش نے پوری کر دی جس کی وجہ سے ہدف مزید مشکل ہو گیا، 44 اوورز میں 282 رنز۔
جب میکسویل میدان میں اترے تھے تو آسٹریلیا کو 84 گیندوں پر 93 رنز کی ضرورت تھی، اور پانچ وکٹیں باقی تھی۔ لیکن چالیسویں اوور میں جب 27 گیندوں پر 28 رنز درکار تھے، تب آٹھویں وکٹ بھی گر گئی یعنی تمام تر انحصار میکسویل پر ہی تھا۔ بالآخر، انہوں نے 42 ویں اوور میں دو چوکے اور اگلے اوور میں مسلسل دو چھکے لگا کر میچ کا خاتمہ کر دیا۔ وہ 51 گیندوں پر چھ چوکوں اور اتنے ہی چھکوں کی مدد سے 80 رنز بنا کر فاتحانہ میدان سے واپس آئے۔
آسٹریلیا کا دورۂ سری لنکا 2022ء - پہلا ون ڈے
سری لنکا بمقابلہ آسٹریلیا
نتیجہ: آسٹریلیا 2 وکٹوں سے جیت گیا
سری لنکا | 300-7 | |
کوسال مینڈس | 86 | 87 |
پاتھم نسانکا | 56 | 68 |
آسٹریلیا باؤلنگ | ا | م | ر | و |
مارنس لبوشین | 3 | 0 | 19 | 2 |
آشٹن ایگر | 10 | 0 | 49 | 2 |
آسٹریلیا 🏆 | 282-8 | |
گلین میکسیول | 80* | 51 |
اسٹیون اسمتھ | 53 | 60 |
سری لنکا باؤلنگ | ا | م | ر | و |
ونندو ہسارنگا | 9 | 0 | 58 | 4 |
دنیتھ ویلالگے | 7 | 0 | 49 | 2 |
آسٹریلیا کے دیگر بلے بازوں میں اسٹیو اسمتھ 53 اور آرون فنچ اور مارکس اسٹوئنس 44، 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
ویسے ونندو ہسارنگا کی ایک اور کارکردگی بیکار گئی، انہوں نے آج دھواں دار بیٹنگ بھی کی اور 4 وکٹیں بھی حاصل کیں، لیکن فاتح نہیں کہلائے۔
قبل ازیں، سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے خود بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ 115 رنز کی اوپننگ شراکت داری کے بعد دنشکا گوناتھلیکا (55 رنز) اور پاتھم نسانکا (56 رنز) یکے بعد دیگرے آؤٹ ہو گئے۔ یہاں کوسال مینڈس نے بہت عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 87 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 86 رنز بنائے۔ چارتھ اسالنکا اور ونندو ہسارنگا نے 37، 37 کے ساتھ ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ ہسارنگا نے تو آخر میں جائی رچرڈسن کو یکے بعد دیگرے پانچ چوکے بھی رسید کیے جس کے بعد میدان میں کان پڑی آواز سنائی نہیں دے رہی تھی۔
سیریز کا دوسرا ون ڈے جمعرات 16 جون کو یہیں پالی کیلے میں ہوگا جبکہ پانچ میچز کی سیریز کے آخری تینوں مقابلے کولمبو میں کھیلے جائیں گے۔