بابر اور امام، ٹاپ آف دی ورلڈ!

0 976

تاریخ میں پہلی مرتبہ ون ڈے انٹرنیشنلز میں پاکستان کے دو بیٹسمین دنیا پر حکمرانی کر رہے ہیں۔ بابر اعظم کا تو کوئی مقابل نہیں لیکن اب امام الحق بھی ان کے نقشِ قدم پر ہیں۔

تازہ ترین رینکنگ کے مطابق امام الحق بھارت کے ویراٹ کوہلی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔

امام ویسٹ انڈیز کے خلاف حالیہ سیریز میں مسلسل تین نصف سنچریاں بنانے کے بعد سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔ وہ پے در پے سات میچز میں ففٹی پلس اننگز کھیل چکے ہیں، جس کا انعام انہیں عالمی رینکنگ میں ملا ہے۔ تازہ ترین درجہ بندی کے مطابق امام الحق 20 ریٹنگ پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 815 پوائنٹس تک پہنچ گئے ہیں۔

دوسری جانب کپتان بابر اعظم 892 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں اپنی 17 ویں ون ڈے سنچری بھی بنائی اور فی الحال انہیں پچھاڑتا ہوا کوئی نظر نہیں آتا۔ انہیں اپنے قریبی ترین حریف امام الحق پر 77 پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔ اتنی بڑی لِیڈ تو پورے ٹاپ ٹین میں کسی ایک بیٹسمین کو دوسرے پر حاصل نہیں۔

ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ - انفرادی درجہ بندی

درجہبلے بازپوائنٹس
1 بابر اعظم892
2 امام الحق815
3 ویراٹ کوہلی811
4 روہت شرما791
5 کوئنٹن ڈی کوک789
6 روس ٹیلر775
7 رسی وان ڈیر ڈسن769
8 جونی بیئرسٹو746
9 آرون فنچ745
10 ڈیوڈ وارنر737
درجہگیند بازپوائنٹس
1 ٹرینٹ بولٹ726
2 جوش ہیزل ووڈ691
3 میٹ ہنری683
4 شاہین آفریدی681
5 جسپریت بمراہ679
6 مجیب الرحمٰن676
7 کرس ووکس676
8 مہدی حسن661
9 محمد نبی657
10 شکیب الحسن657

خیر، ٹاپ 10 میں دیگر تبدیلیاں بھی آئی ہیں، مثلاً آسٹریلیا کے کپتان آرون فنچ ایک درجہ ترقی کے ساتھ نویں نمبر پر آ گئے ہیں اور ہم وطن ڈیوڈ وارنر دسویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔

گزشتہ روز ٹرینٹ برج کا معجزہ دِکھانے والے انگلینڈ کے جونی بیئرسٹو ون ڈے کرکٹ میں دو درجے زوال کے ساتھ آٹھویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ جس کی وجہ سے جنوبی افریقہ کے رسی وان ڈیر ڈسن کو ایک درجہ ترقی مل گئی ہے اور وہ ساتویں نمبر پر براجمان ہیں۔

ویسے پاکستان کے لیے باؤلنگ میں بھی خوشخبری ہے، جہاں شاہین آفریدی کو دو درجہ ترقی ملی ہے اور وہ چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں۔ ان سے آگے ہیں نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ، جو بدستور پہلے نمبر پر ہیں جبکہ آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ اور نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری ایک، ایک درجہ ترقی کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔

ان سب کو آگے بڑھنے کا موقع دیا انگلش باؤلر کرس ووکس نے، جو چار درجے تنزلی کے بعد ٹاپ 5 سے نکل گئے ہیں اور اب افغان اسپنر مجیب الرحمٰن کے ساتھ چھٹی پوزیشن پر ہیں۔

واضح رہے کہ ون ڈے انٹرنیشنلز میں ٹیموں کی درجہ بندی میں بھی پاکستان عرصے بعد چوتھے نمبر پر آیا ہے۔