باؤلرز کا مقابلہ سری لنکا کے نام

0 704

سری لنکا اور آسٹریلیا کا دوسرا ون ڈے پہلے مقابلے کا ری پلے بن جاتا، لیکن سری لنکا کے باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ نے ممکن بنایا کہ وہ آسٹریلیا کو شکست دے کر سیریز برابری کی سطح پر لے آئے۔

پالی کیلے کے اسی میدان پر کھیلے گئے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں آسٹریلیا بالکل اسی پوزیشن پر تھا، جس میں وہ پہلے مقابلے پر تھا۔ گلین میکسویل کی صورت میں خطرے کی گھنٹی بج رہی تھی۔ 9 اوورز میں 56 رنز کی ضرورت تھی، لیکن یہاں پر چمیکا کرونارتنے نے دن کی سب سے بڑی وکٹ لے لی۔ میکسویل 25 گیندوں پر 30 رنز بنا کر کیا آؤٹ ہوئے، لائن لگ گئی۔ صرف 19 رنز کے اضافے سے آسٹریلیا کی پانچ وکٹیں گر گئیں اور میچ کا خاتمہ ہو گیا۔ سری لنکا 26 رنز سے کامیاب ٹھیرا، یعنی وہ نتیجہ جو منگل کو حاصل نہ ہو پایا تھا بالآخر مل گیا۔

آسٹریلیا کا دورۂ سری لنکا 2022ء - دوسرا ون ڈے

سری لنکا بمقابلہ آسٹریلیا

نتیجہ: سری لنکا 26 رنز سے جیت گیا

سری لنکا 🏆220-9
کوسال مینڈس3641
ڈاسن شناکا3436
آسٹریلیا باؤلنگامرو
پیٹ کمنز8.40354
گلین میکسویل102352

آسٹریلیا (ہدف: 216)189
ڈیوڈ وارنر3751
گلین میکسویل3025
سری لنکا باؤلنگامرو
چمیکا کرونارتنے70473
دشمنتھا چمیرا6.10192

یہ آسٹریلیا تھا جس نے ٹاس جیتا اور پہلے سری لنکا کو کھیلنے کی دعوت دی۔ ایک اور بارش سے متاثرہ مقابلے میں سری لنکا کی اننگز 47.4 اوورز میں 9 وکٹوں پر 220 رنز تک محدود رہی۔ کوسال مینڈس 36 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بیٹسمین رہے یعنی کوئی بلے باز نصف سنچری نہیں بنا پایا۔ ان کے علاوہ دھاننجیا ڈی سلوا اور ڈاسن شناکا 34، 34 رنز بنا پائے۔

آسٹریلیا کے پیٹ کمنز نے بہت عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور سب سے زیادہ چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ وہ تو امتحان میں پورے اترے لیکن اب سری لنکا کے باؤلرز کی آزمائش شروع ہونے والی تھی۔ گزشتہ مقابلے میں جو 44 اوورز میں 281 رنز کا دفاع نہیں کر پائے تھے، آج انہیں 43 اوورز میں صرف 216 رنز کو بچانے کا ہدف ملا۔ مشکل تھا مگر ناممکن نہیں۔

آسٹریلیا نے آغاز لیا، اتنا بُرا نہیں تھا۔ خاص طور پر ابتدائی 20 اوورز میں، جب 93 رنز تک صرف دو آؤٹ تھے تو لگتا تھا میکسویل اینڈ کمپنی آج بھی میدان مار لے گی۔ یہاں پر کرونارتنے نے پہلا بڑا شکار کیا، انہوں نے اسٹیون اسمتھ کو آؤٹ کیا جس کے بعد آسٹریلیا کی گرفت کمزور پڑنے لگی اور جب انہوں نے میکسویل کی بھی وکٹ حاصل کی تو سمجھیں کہانی ختم ہو گئی۔

ڈیوڈ وارنر 37 کے رنز کے بعد صرف میکسویل ہی 30 کے ہندسے تک پہنچے، باقی کوئی بلے باز تو یہاں تک بھی نہیں پہنچ پایا اور پوری ٹیم 189 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ یہ سب اتنا اچانک ہوا کہ کسی کو یقین نہیں آیا ہوگا، آخر آسٹریلیا کی پانچ وکٹیں صرف 19 رنز کے اضافے سے کیسے گر سکتی ہیں؟

آسٹریلیا کی اننگز میں کسی بلے باز کی نصف سنچری تو کجا، کوئی شراکت داری تک ایسی نہیں تھی جو 40 رنز کو پار کر سکی ہو، حالانکہ انہوں نے خود ہدف کا تعاقب کا فیصلہ کیا تھا۔ شاید پچھلے مقابلے سے دھوکے میں آ گئے۔ تو سری لنکا نے جواب دے دیا ہے کہ ضروری نہیں کہ ہر بار حالات آپ کے حق میں ہی جائیں۔

اب سیریز کولمبومنتقل ہو جائے گی جہاں اتوار کو تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل کھیلا جائے گا۔