مورگن نے اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

0 836

محدود اوورز کی کرکٹ میں انگلینڈ کے کپتان ایون مورگن نے اچانک بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

وہ نیدرلینڈز کے خلاف حالیہ ون ڈے سیریز کے دو میچز میں صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔ جس کے بعد انہوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ رہے ہیں۔

ایون مورگن دنیائے کرکٹ کے ان چند کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں، جنہوں نے دو ملکوں کی نمائندگی کی بلکہ دونوں کی کپتانی کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ انہوں نے آئرلینڈ کے لیے 23 ون ڈے انٹرنیشنلز کھیلے جس کے بعد وہ انگلینڈ منتقل ہو گئے اور 2009ء سے 2022ء کے دوران 16 ٹیسٹ، 225 ون ڈے اور 115 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں اپنے ننھیالی ملک یعنی انگلینڈ کی نمائندگی کی۔

مورگن کو 2015ء کے ورلڈ کپ سے پہلے انگلینڈ کا کپتان بنایا گیا تھا۔ جس کے بعد پہلی مہم یعنی ورلڈ کپ 2015ء میں بُری طرح ناکام ہوئے۔ انگلینڈ پہلے ہی مرحلے میں ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا۔ لیکن پھر معجزہ ہو گیا۔ اگلے ورلڈ کپ تک انگلینڈ نمبر وَن بن چکا تھا اور فائنل بھی جیت گیا۔ چوتھی مرتبہ ورلڈ کپ فائنل میں پہنچنے کے بعد بالآخر انگلینڈ نے کامیابی حاصل کر ہی لی۔ مورگن نے ورلڈ کپ اٹھایا اور امر ہو گئے۔

مورگن نے مجموعی طور پر 16 ٹیسٹ، 248 ون ڈے اور 115 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ انگلینڈ کے لیے 225 ون ڈے اور 115 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنا ایک قومی ریکارڈ ہے جبکہ ان میں بالترتیب 7,701 اور 2,458 رنز ہیں، یہ بھی ریکارڈز ہیں یعنی انگلینڈ کے لیے کوئی بلے باز ان فارمیٹس میں نہ اتنے میچز کھیل پایا ہے اور نہ ہی اتنے رنز بنا پایا ہے۔

ایون مورگن کا کرکٹ کیریئر

فارمیٹمیچزرنزبہترین اننگزاوسط10050
ٹیسٹ1670013030.4323
ون ڈے انٹرنیشنل248770114839.291447
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل11524589128.58014
فرسٹ کلاس1025042209*33.391124
لسٹ اے3791165416138.842268
ٹی ٹوئنٹی35875229126.39037

مورگن انگلینڈ کو اس حال میں چھوڑ گئے ہیں کہ وہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں دنیا کی دوسری بہترین ٹیم ہے۔ جس کا پہلا امتحان رواں سال کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہوگا۔