کنگ اور پاول کی دھواں دار بیٹنگ، بنگلہ دیش کو بڑی شکست

0 1,000

جو کام پہلے ٹی ٹوئنٹی میں ادھورا رہ گیا تھا، ویسٹ انڈیز نے بالآخر دوسرے مقابلے میں کر دکھایا اور بنگلہ دیش کو شکست دے کر سیریز میں ‏1-0 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کر لی ہے۔

روسیو، ڈومینکا میں کھیلے گئے اس مقابلے میں ٹاس جیتا اور خود بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ ابتدا ہی میں کائل میئرس اور شمار بروکس کی قیمتی وکٹیں گر گئیں۔ لیکن برینڈن کنگ ایک اینڈ سے جمے رہے اور کپتان نکولس پورَن کے ساتھ مل کر اسکور کو 100 رنز تک پہنچا دیا۔ دونوں کی 56 گیندوں پر 74 رنز کی شراکت داری اننگز کے استحکام کے لیے بہت ضروری تھی، لیکن اب رفتار بڑھانے کی سخت ضرورت تھی۔

تو اننگز کو بوسٹر لگانے کا کام انجام دیا روومین پاول نے۔ انہوں نے تو غدر ہی مچا دیا۔ صرف 20 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی اور محض 28 گیندوں پر چھ چھکوں اور دو چوکوں کے ساتھ 61 رنز بنائے، وہ بھی ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے۔

اس دوران اننگز کا فیصلہ کن موڑ بھی آیا جب سولہویں اور سترہویں اوور میں پاول اور کنگ نے 44 رنز لوٹے۔ اس کے فوراً بعدکنگ کی اننگز کا خاتمہ ہو گیا، جنہوں نے 43 گیندوں پر 57رنز بنائے۔ البتہ پاول آخر تک بنگلہ دیشی باؤلرز کے سینے پر مونگ دلتے رہے۔ یہاں تک کہ آخری 10 اوورز میں 108 رنز کا اضافہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز 193 تک پہنچ گیا۔

بنگلہ دیش کا دورۂ ویسٹ انڈیز 2022ء - دوسرا ٹی ٹوئنٹی

ویسٹ انڈیز بمقابلہ بنگلہ دیش

‏3 جولائی 2022ء

وِنڈسر پارک، روسیو، ڈومینکا

ویسٹ انڈیز 35 رنز سے جیت گیا

ویسٹ انڈیز 🏆193-5
روومین پاول61*28
برینڈن کنگ5743
بنگلہ دیش باؤلنگامرو
شریف الاسلام40402
مصدق حسین1101

بنگلہ دیش158-6
شکیب الحسن68*52
عفیف حسین3427
ویسٹ انڈیز باؤلنگامرو
روماریو شیپرڈ40282
اوبیڈ میک کوئے40372

یوں بنگلہ دیش کو ایسا ہدف ملا، جس تک پہنچنا بہت مشکل ثابت ہوا۔ جو تھوڑی بہت امید تھی وہ ابتدا ہی میں ختم ہو گئی جب لٹن داس اور انعام الحق یکے بعد دیگرے آؤٹ ہو گئے۔ 100 رنز تک پہنچتے پہنچتے آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔

واحد مزاحمت شکیب الحسن کی جانب سے رہی، جنہوں نے 58 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 68 رنز بنائے لیکن یہ میچ کا رخ بدلنے کے لیے کافی نہ تھے۔ یہاں تک کہ بنگلہ دیشی اننگز 20 اوورز میں 158 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ تک ہی محدود رہ گئی۔

بہرحال، اب بنگلہ دیش کے پاس سیریز برابر کرنے کا موقع رہ گیا ہے، جو 7 جولائی کو پروویڈنس، گیانا میں تیسرے و آخری ٹی ٹوئنٹی میں ملے گا۔