بین اسٹوکس نے ون ڈے سے اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

0 888

انگلینڈ کے نئے نویلے ٹیسٹ کپتان بین اسٹوکس نے اچانک ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔

یہ حیران کن اعلان انہوں نے سوشل میڈیا ویب سائٹ 'ٹوئٹر' پر کیا، جہاں اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ وہ اس فارمیٹ سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کر چکے ہیں اور  منگل کو یعنی کل جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کا پہلا مقابلہ اُن کا آخری ون ڈے انٹرنیشنل ہوگا۔

بین اسٹوکس کا کہنا  ہے کہ  یہ فیصلہ ہر گز آسان نہیں تھا،  لیکن میں اس فارمیٹ میں اپنی 100 فیصد کارکردگی پیش نہیں کر پا رہا۔ انگلینڈ کی نمائندگی کا تقاضا ہے کہ اس سے کہیں بہتر کارکردگی پیش کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرے لیے اب تینوں طرز کی کرکٹ کھیلنا ممکن نہیں رہا۔ نہ صرف جسم اس کی اجازت نہیں دے رہا بلکہ جو توقعات مجھ سے وابستہ ہیں، وہ بھی پوری نہیں ہو رہیں۔ مجھے ایسا لگ رہا ہے جیسے میں کسی حقدار کھلاڑی کی جگہ پر قبضہ کیے بیٹھا ہوں، اس لیے مجھے کسی  کھلاڑی کو آگے بڑھنا کا موقع دینا چاہیے۔

اسٹوکس کا کہنا ہے کہ اب وہ ٹیسٹ کرکٹ پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں گے اور اس فیصلے کے بعد ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بھی بھرپور توجہ رکھ پائیں گے۔

بین اسٹوکس نے اپنے 11 سالہ ون ڈے انٹرنیشنل کیریئر میں کُل 104 میچز کھیلے۔ جن میں انہوں نے تین سنچریوں کی مدد سے 2919 رنز بنائے اور 74 وکٹیں بھی حاصل کیں۔  ورلڈ کپ 2019ء اُن کے کیریئر کا عروج تھا، جس میں وہ فائنل کے مردِ میدان بھی بنے تھے۔  نازک مرحلے پر ان کی 84 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز تھی جس نے انگلینڈ کو  پہلی بار عالمی چیمپیئن بنایا۔ یہ  باری بلاشبہ  تاریخ کی بہترین ورلڈ کپ اننگز میں شمار ہوگی۔

واضح رہے کہ اسٹوکس نے ورلڈ کپ 2019ء کے فائنل سے لے کر اب تک انگلینڈ کے 27 ون ڈے انٹرنیشنلز میں سے صرف 9 کھیلے تھے۔