باؤلرز کا راج، انگلینڈ نے سیریز برابر کر دی

اولڈ ٹریفرڈ، مانچسٹر میں باؤلرز کا راج نظر آیا کہ جہاں انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو 118 رنز کی بھاری شکست دے کر سیریز برابر کر دی ہے۔ وہ بھی اس طرح کہ جنوبی افریقہ اپنی تاریخ کے کم ترین ٹوٹلز میں سے ایک پر ڈھیر ہو گیا۔
دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل بارش کی وجہ سے تقریباً تین گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا، جس کی وجہ سے 29 اوورز فی اننگز تک محدود کر دیا گیا۔ انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کی دعوت پہلے بیٹنگ کی اور آخری اوور میں 201 رنز پر آل آؤٹ ہوا۔ یہ 72 رنز پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد نسبتاً بہتر مجموعہ تھا۔ یہاں تک پہنچانے میں اہم کردار تھا لیام لوِنگسٹن اور سیم کرن کا۔ لوِنگسٹن نے 26 گیندوں پر 38 رنز بنائے جبکہ کرن صرف 18 گیندوں پر 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کے علاوہ آخر میں ڈیوڈ وِلی کے 21 اور عادل رشید کے 12 رنز نے انگلینڈ کو 200 رنز کی نفسیاتی حد پار کرانے میں مدد دی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیوین پریٹوریئس نے عمدہ باؤلنگ کی۔ اپنے ابتدائی دو اوورز میں تین وکٹیں لینے کے بعد وہ 36 رنز دے کر چار شکار کرنے میں کامیاب ہوئے۔
جنوبی افریقہ کا دورۂ انگلینڈ 2022ء - دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل
انگلینڈ بمقابلہ جنوبی افریقہ
22 جولائی 2022ء
بظاہر 29 اوورز میں 202 رنز کا ہدف آسان لگتا ہے، لیکن جنوبی افریقہ ابتدا ہی میں ایسا لڑکھڑایا کہ آخر تک سنبھلنے میں نہیں آیا۔ اس کی اننگز کو بے سمت اور بے قابو کرنے میں اہم کردار ادا کیا ریس ٹوپلی نے، جنہوں نے ایک ہی اوور میں یانیمن ملان اور رسی وان ڈیر ڈسن کو آؤٹ کیا۔ ٹاپ 4 میں اِن دو بلے بازوں کے علاوہ آئیڈن مارکرم کا صفر پر رن آؤٹ ہونا بھی شامل تھا یعنی بس یہی کسر رہ گئی تھی۔
جنوبی افریقہ کی چار وکٹیں صرف 6 رنز پر گریں بلکہ 27 رنز تک پہنچتے پہنچتے آدھی ٹیم میدان سے واپس آ چکی تھی۔ یہاں تک کہ انگلینڈ کے خلاف اپنی تاریخ کے سب سے کم اسکور 83 پر ڈھیر ہو گئی۔ یہ ون ڈے انٹرنیشنل میں جنوبی افریقہ کا دوسرا سب سے کم ٹوٹل بھی ہے۔
ون ڈے انٹرنیشنل میں جنوبی افریقہ کا سب سے کم ٹوٹل
اسکور | اوورز | بمقابلہ | بمقام | بتاریخ | |
---|---|---|---|---|---|
![]() | 69 | 28.0 | ![]() | سڈنی | 14 دسمبر 1993ء |
![]() | 83 | 23.0 | ![]() | ناٹنگھم | 26 اگست 2008ء |
![]() | 83 | 20.4 | ![]() | مانچسٹر | 22 جولائی 2022ء |
![]() | 101 | 26.5 | ![]() | شارجہ | 28 مارچ 2000ء |
![]() | 106 | 38.3 | ![]() | سڈنی | 22 جنوری 2002ء |
صرف انریک کلاسن کے 33 رنز واحد قابل ذکر اننگز تھے۔ دوسرا کوئی بلے باز 17 رنز سے آگے بھی نہیں بڑھ پایا۔ 7 کھلاڑیوں کی اننگز تو دہرے ہندسے میں بھی داخل نہیں ہوئی۔
انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید نے سب سے زیادہ تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ دو، دو کھلاڑیوں کو ٹوپلی اور معین علی نے آؤٹ کیا۔
یوں دو میچز کے بعد سیریز 1-1 سے برابر ہو چکی ہے۔ تیسرا اور فیصلہ کن ون ڈے اتوار کو ہیڈنگلی، لیڈز میں کھیلا جائے گا۔