آفریدی کے فیصلے پر سیمی بھی حیران و پریشان

0 1,120

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہدخان آفریدی کا مکمل کرکٹ کیریئر ہی حیرتوں کا سامان لئے ہوئے ہے، کبھی وہ چھکوں کی بارش کر کے تیز ترین سنچری جڑ دیتے ہیں اور انڈین کے منہ حیرت سے کھلے کے کھلے رہ جات ہیں اور کبھی میدان میں لالہ کی آمد پر خوش آمدید کے لئے اٹھائے ہاتھ ابھی نیچے نہیں جاتے کہ موصوف پویلین لوٹ کر سب کو حیرت زدہ کر دیتے ہیں۔ استعفی اور پھر واپسی کی طویل تاریخ رکھنے والے عظیم آل راؤنڈر نے پاکستان سپر لیگ میں اس وقت بھی سب کو حیران کر دیا جب پشاور زلمی کی قیادت اچانک ڈیرن سیمی کو سونپ دی مگر جو شاک لالہ نے آج اپنے ٹویٹر اکاؤنٹس سے سب کو دیا کہ جس میں پشاور زلمی سے مکمل لاتعلق ہونے کا اعلان شامل تھا، اس اعلان نے سب کو حیرانی کے ساتھ پریشان بھی کر دیا، ہر فرد منہ میں انگلی ڈالے سوچ رہا ہے کہ آخر ایسا ہوا کیوں اور کیسے؟

پاکستانی تو پھر بھی لالہ کی حیران کر دینے والی عادات سے کافی حد تک واقف ہیں مگر اس ادا کا تازہ شکار ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان اور پشاور زلمی کے موجود قائد ڈیرن سیمی ہیں۔ جنہوں نے سماجی رابطے کی سائیٹ ٹویٹر کے ذریعے اس اقدام پر اپنی حیرت کا اظہار کیا ہے۔ سیمی کا کہنا تھا کہ ’ آپ کے ساتھ کھیلنا پُرلطف تھا مگر میں اس فیصلے پر بدستور حیران ہوں‘۔

یاد رہے کہ جب سے شاہد آفریدی نے سیمی کو قیادت سونپی اس وقت سے دونوں کے مابین بہت قربت پیدا ہوئی ہے اور دونوں کی طرف عزت و احترام کا بلا تکلفانہ رشتہ استوار ہوا اور زلمی مکمل ایک فیملی کی مانند لگنے لگی تھی شائد یہی وجہ ہے کہ ڈیرن کے مختصر پیغام میں حیرت کا شدید عنصر نمایاں ہے، اور یہ بھی سچ ہے کہ اگر سیمی پی ایس ایل کا فائنل کھیلنے لاہور آ گئے تھے تو اس میں لالہ کی ذاتی محنت اور اعتماد دلانا شامل تھا مگر اب اس زلمی فیملی میں خاصا بڑا دراڑ سامنے آ گیا ہے۔

لالہ کے زلمی چھوڑنے کے فیصلے پر پشاور کے عوام کے بھی بہت دل ٹوٹے ہیں، ایک نجی چینل پر جب عوام سے رائے لی گئی تو اکثر عوام سخت پریشان دیکھائی دئیے اور فیصلہ واپس لینے کی استدا کرتے رہے مگر اس میں سب سے دلچسپ پہلو یہ تھا کہ عوام کی جانب سے بوم بوم کے لئے ستائش میں کوئی کمی دیکھنے کو نہیں ملی بلکہ عوام یہ کہتے پائے گئے لالہ کے فیصلہ پر افسوس تو ہوا مگر ہم آپ کے فیصلے کے ساتھ ہیں اور کبھی ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔ عوام کی اس دلچسپی نے مجھے بھی حیرت زدہ کر دیا۔

sammy-sad