کلین سویپ فتح کے ساتھ ہسی رخصت ہو گئے

0 1,022

مائیکل بیون کے بعد 8 سال تک آسٹریلیا کی جانب سے مردِ بحران کا کردار ادا کرنے والے مائیکل ہسی فتح گر شاٹ کھیل کر دنیائے کرکٹ سے رخصت ہو گئے اور آسٹریلیا کو سری لنکا کے خلاف کلین سویپ کی شاندار فتح دے گئے۔

مائیکل ہسی اپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے کے لیے میدان میں آئے تو سری لنکن کھلاڑیوں نے ان کا بھرپور استقبال کیا (تصویر: Getty Images)
مائیکل ہسی اپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے کے لیے میدان میں آئے تو سری لنکن کھلاڑیوں نے ان کا بھرپور استقبال کیا (تصویر: Getty Images)

یہ گزشتہ سال کے آغاز میں بھارت کے خلاف کلین سویپ فتح کے بعد ایک مرتبہ پھر آسٹریلیا کی جانب سے نئے سال کی شاندار ابتداء تھی۔ اُس نے پہلے ہوبارٹ ٹیسٹ میں 137 رنز سے کامیابی سمیٹی، پھر ملبورن کے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں سری لنکا کو ایک اننگز اور 201 رنز کی کراری شکست دی اور اب یہاں سڈنی کے تاریخی میدان میں، جہاں 'مسٹر کرکٹ' نے اپنا آخری ٹیسٹ کھیلا، 5 وکٹوں کی فتح کے ساتھ سیریز اپنے نام کر لی۔

اولین دونوں مقابلوں میں بری طرح ہارنے کے بعد سری لنکا کے لیے اب آخری موقع تھا کہ وہ اپنے کپتان مہیلا جے وردھنے کو بحیثیت کپتان اچھے انداز سے الوداع کہے، جو ممکنہ طور پر قائدکی حیثيت سے اُن کا آخری ٹیسٹ مقابلہ تھا، جیسا کہ انہوں نے سیریز کے آغاز سے قبل اعلان کیا تھا۔ بہرحال، ٹاس ہارنے کے بعد سری لنکا نے لاہیرو تھریمانے اور کپتان مہیلا جے وردھنے کی عمدہ اننگز کی بدولت 294 رنز بنائے۔ تھریمانے بدقسمتی سے کیریئر کی اولین سنچری مکمل نہ کر سکے اور 91 رنز بنا کر اس وقت آؤٹ ہوئے جب وہ اسکور کو 250 رنز تک پہنچا چکے تھے۔ ان سے قبل جے وردھنے 110 گیندوں پر 72 رنز کی ایک شاندار اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے تھے۔ ان دونوں بلے بازوں کے علاوہ کوئی کھلاڑی اچھی کارکردگی نہ دکھاپایا اور یوں پہلی اننگز توقعات سے کہیں کم اسکور 294 رنز پر ختم ہوئی۔ آخری پانچ وکٹیں صرف 44 رنز کے اضافے سے گریں۔

آسٹریلیا کی جانب سے جیکسن برڈ نے 4، مچل اسٹارک نے 3، پیٹر سڈل نے 2 اور ناتھن لیون نے 1 وکٹ حاصل کی۔

جواب میں آسٹریلیا نے ابتداء میں ایڈ کووان کی وکٹ ضرور گنوائی لیکن ڈیوڈ وارنر اور فلپ ہیوز کے درمیان 130 رنز کی رفاقت نے کسر نکال دی۔ بدقسمتی سے دونوں بلے باز اس وقت آؤٹ ہوئے جب وہ سنچری سے کچھ ہی دوری پر تھے۔ پہلے وارنر 85 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے روایتی تیز رفتار انداز اپنایا اور محض 84 گیندیں کھیلیں اور 10 چوکے لگائے جبکہ ہیوز نے 143 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 87 رنز بنائے۔ دونوں کے جانے کے بعد مائیکل ہسی اور کپتان مائیکل کلارک کے درمیان 56 رنز کی ساجھے داری قائم ہوئی جس کے بعد سری لنکا نے مائیکل کلارک کی قیمتی ترین وکٹ اس وقت حاصل کر لی جب آسٹریلیا سری لنکا کے پہلی اننگز کے اسکور تک بھی نہ پہنچا تھا۔

اس وقت جب مقابلہ آسٹریلیا کی گرفت سے نکل رہا تھا، میتھیو ویڈ کی سنچری نے سری لنکا کو مقابلے سے باہر پھینک دیا (تصویر: Getty Images)
اس وقت جب مقابلہ آسٹریلیا کی گرفت سے نکل رہا تھا، میتھیو ویڈ کی سنچری نے سری لنکا کو مقابلے سے باہر پھینک دیا (تصویر: Getty Images)

یہی وہ موقع تھا جب سری لنکا کو مقابلہ اپنی گرفت میں لینے کی ضرورت تھی، لیکن میتھیو ویڈ اور پیٹر سڈل نے اُن کے تمام منصوبوں کو خاک میں ملا دیا۔ دو دن تک برابر کی سطح پر ہونے والے مقابلے کے بعد محض ایک دن مقابلے کو آسٹریلیا کے پلڑے میں جھکا گیا۔ ایک اینڈ سے میتھیو ویڈ کی شاندار اننگز کھیل گئی تو دوسرے سے سڈل نے ساتویں وکٹ پر ان کے ساتھ 77 رنز کی قیمتی رفاقت بنائی اور یہی بعد ازاں میچ کا پانسہ پلٹنے والا مرحلہ ثابت ہوا۔ سڈل 62 گیندوں پر 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور اس کے بعد ویڈ کی سنچری مکمل ہوتے ہی آسٹریلیا نے 432 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کر دی۔ ویڈ 158 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 102 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

سری لنکا کی جانب سے رنگانا ہیراتھ نے 4 جبکہ نووان پردیپ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ایک وکٹ تلکارتنے دلشان کو ملی۔

138 رنز کے خسارے کے بعد سری لنکا کی دوسری اننگز کا آغاز تو پراعتماد ثابت نہ ہوا، کیونکہ سری لنکن پیشرفت کا بہت زیادہ انحصار دلشان کی کارکردگی پر تھاکہ وہ پہلے ٹیسٹ کی طرح یہاں بھی ایک طویل اننگز کھیلیں، لیکن وہ محض 5 کے انفرادی اسکور پر جانسن کی وکٹ بنے اور میچ بچانے کی سب سے بڑی امید تو یہیں گل ہو گئی۔ دیموتھ کونارتنے اور جے وردھنے نے 108 رنز کی رفاقت کے ذریعے حالات کو کسی حد تک سنبھالا لیکن اس شراکت داری کے ٹوٹتے ہی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا جو ایک اینڈ سے تو رکنے ہی میں نہ آیا۔ جے وردھنے 60 رنز بنا کر پویلین لوٹے اور بعد ازاں سوائے وکٹ کیپر دنیش چندیمال کے کوئی سری لنکن بلے باز آسٹریلیا کے باؤلرز کے سامنے نہ ٹک سکا۔ چندیمال 106 گیندوں پر 62 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ سری لنکا کی دوسری اننگز کا اختتام محض 278 رنز پر ہوا۔ جانسن اور برڈ نے 3،3 جبکہ اسٹارک، سڈل اور لیون نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ کا آغاز عظیم کھلاڑی و کمنٹیٹر ٹونی گریگ کی یاد میں ایک خصوصی تقریب سے ہوا (تصویر: Getty Images)
میچ کا آغاز عظیم کھلاڑی و کمنٹیٹر ٹونی گریگ کی یاد میں ایک خصوصی تقریب سے ہوا (تصویر: Getty Images)

محض 141 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا اننگز ایک مرحلے پر لڑکھڑایا ضرور۔ پہلی اننگز میں تباہی مچانے والے وارنر کے لیے اُن کی پہلی گیند ہی واپسی کا پروانہ ثابت ہوئی جب وہ سورنگا لکمل کی گیند پر دوسری سلپ میں کیچ دے بیٹھے۔ 45 رنز تک پہنچتے پہنچتے ایک اور وکٹ کا نقصان آسٹریلیا کو سہنا پڑا جب فلپ ہیوز 34 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ گو کلارک اور کووان کے درمیان تیسری وکٹ پر 59 رنز کا اضافہ آسٹریلیا کو فتح کے کافی قریب لے آیا۔ لیکن اس موقع پر پے در پے کلارک، کووان اور ویڈ کی وکٹیں گر گئیں لیکن بہت تاخیر ہو چکی تھی۔ اسکور بورڈ پر اتنا بڑا مجموعہ نہ تھا کہ سری لنکن باؤلرز اس کا دفاع کر پاتے اور بالآخر مائیکل ہسی اور مچل جانسن نے 43ویں اوور میں آسٹریلیا کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔

ہیراتھ نے 3 اور دلشان اور لکمل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

محض اپنے دوسرے ٹیسٹ میں 7 وکٹیں لینے والے جیکسن برڈ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ مائیکل کلارک سیریز کے بہترین کھلاڑی کے اعزاز کے حقدار کہلائے۔

سڈنی ٹیسٹ کے آغاز سے قبل عظیم کھلاڑی و کمنٹیٹر ٹونی گریگ کی یاد میں خاموشی اختیار کی گئی۔ اس مختصر سی تقریب میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑی، ٹونی کی اہلیہ ویوین اور 10سالہ صاحبزادے ٹام گریگ اور ساتھی کمنٹیٹر رچی بینو، بل لاری اور این چیپل بھی موجود تھے۔ تقریب کے دوران ایک اینڈ پر وکٹوں کے اوپر ٹونی گریگ کا روایتی ہیٹ رکھا گیا تھا جبکہ تماشائیوں میں بڑی تعداد ایسی تھی جو ایسے ہیٹ پہن کر میچ دیکھنے کے لیے آئی تھی۔ آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم نے ٹونی کی یاد میں پورا میچ بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر کھیلا۔

اب دونوں ٹیمیں 5 ایک روزہ مقابلے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز میں مدمقابل ہوں گی۔ ون ڈے سیریز کا آغاز 11 جنوری سے ملبورن میں ہو رہا ہے جبکہ 28 جنوری کو اسی میدان پر آخری ٹی ٹوئنٹی کے ساتھ دورہ اپنے اختتام کوپہنچے گا۔

آسٹریلیا بمقابلہ سری لنکا

تیسرا ٹیسٹ

3 تا 6 جنوری 2013ء

بمقام: سڈنی کرکٹ گراؤنڈ، سڈنی، آسٹریلیا

نتیجہ: آسٹریلیا 5 وکٹوں سے کامیاب

میچ کے بہترین کھلاڑی: جیکسن برڈ (آسٹریلیا)

سیریز کے بہترین کھلاڑی: مائیکل کلارک (آسٹریلیا)

سری لنکاپہلی اننگز رنز گیندیں چوکے چھکے
دیموتھ کونارتنے ک ہسی ب برڈ 5 23 0 0
تلکارتنے دلشان ک ویڈ ب برڈ 34 61 5 0
مہیلا جے وردھنے ک کلارک ک اسٹارک 72 110 12 1
لاہیرو تھریمانے ک وارنر ب لیون 91 151 13 1
تھیلان سماراویرا ایل بی ڈبلیو ب سڈل 12 27 0 0
اینجلو میتھیوز ک ہسی ب اسٹارک 15 48 3 0
دنیش چندیمال ب اسٹارک 24 44 5 0
دھمیکا پرساد ک اسٹارک ب سڈل 2 4 0 0
رنگانا ہیراتھ ک سڈل ب برڈ 5 1 1 0
سورنگا لکمل ک ہسی ب برڈ 5 23 0 0
نووان پردیپ ناٹ آؤٹ 17 20 3 0
فاضل رنز ل ب 8، و 3، ن ب 1 12
مجموعہ 19.2 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 294

 

آسٹریلیا (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
مچل اسٹارک 19 0 71 3
جیکسن برڈ 19.4 10 41 4
پیٹر سڈل 15 3 46 2
مچل جانسن 13 1 58 0
ناتھن لیون 19 2 69 1
مائیکل ہسی 2 1 1 0

 

آسٹریلیاپہلی اننگز رنز گیندیں چوکے چھکے
ڈیوڈ وارنر ک پرساد ب دلشان 85 84 10 0
ایڈ کووان رن آؤٹ 4 9 0 0
فلپ ہیوز ک چندیمال ب ہیراتھ 87 143 9 0
مائیکل کلارک ک کونارتنے ب ہیراتھ 50 75 5 1
مائیکل ہسی رن آؤٹ 25 51 0 0
میتھیو ویڈ ناٹ آؤٹ 102 158 9 0
مچل جانسن ک چندیمال ب پردیپ 13 38 1 0
پیٹر سڈل ک چندیمال ب پردیپ 38 62 4 0
مچل اسٹارک ایل بی ڈبلیو ب ہیراتھ 2 4 0 0
ناتھن لیون ب ہیراتھ 4 10 1 0
جیکسن برڈ ناٹ آؤٹ 6 11 1 0
فاضل رنز ل ب 6، و 7، ن ب 3 16
مجموعہ 107 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 432

 

سری لنکا (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
سورنگا لکمل 24 4 95 0
نووان پردیپ 20 1 114 2
دھمیکا پرساد 11 0 53 0
اینجلو میتھیوز 2 0 11 0
تلکارتنے دلشان 19 2 58 1
رنگانا ہیراتھ 31 3 95 4

 

سری لنکادوسری اننگز رنز گیندیں چوکے چھکے
دیموتھ کونارتنے ک ویڈ ب برڈ 85 109 10 1
تلکارتنے دلشان ک ہیوز ب جانسن 5 21 0 0
مہیلا جے وردھنے ک کلارک ب سڈل 60 128 9 0
لاہیرو تھریمانے ک برڈ ب جانسن 7 23 1 0
تھیلان سماراویرا ک ہسی ب لیون 0 3 0 0
اینجلو میتھیوز رن آؤٹ 16 23 4 0
دنیش چندیمال ناٹ آؤٹ 62 106 11 0
دھمیکا پرساد ک ویڈ ب اسٹارک 15 17 0 0
رنگانا ہیراتھ ب برڈ 10 31 0 0
سورنگا لکمل ب جانسن 0 6 0 0
نووان پردیپ ک ویڈ ب برڈ 9 24 2 0
فاضل رنز ب 1، ل ب 4، و 1، ن ب 3 9
مجموعہ 81.2 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 278

 

آسٹریلیا (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
مچل اسٹارک 12 1 49 1
جیکسن برڈ 21.2 5 76 3
مچل جانسن 15 3 34 3
پیٹر سڈل 17 4 42 1
ناتھن لیون 15 1 66 1
مائیکل ہسی 1 0 6 0

 

آسٹریلیادوسری اننگز (ہدف: 141 رنز) رنز گیندیں چوکے چھکے
ایڈ کووان ایل بی ڈبلیو ب ہیراتھ 36 88 4 0
ڈیوڈ وارنر ک جے وردھنے ب لکمل 0 1 0 0
فلپ ہیوز ایل بی ڈبلیو ب ہیراتھ 34 49 4 0
مائیکل کلارک ک تھریمانے ب دلشان 29 52 3 0
مائیکل ہسی ناٹ آؤٹ 27 42 2 0
میتھیو ویڈ ب ہیراتھ 9 18 1 0
مچل جانسن ناٹ آؤٹ 1 7 0 0
فاضل رنز ل ب 5 5
مجموعہ 42..5 اوورز میں تمام 5 کے نقصان پر 141

 

سری لنکا (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
تلکارتنے دلشان 18 2 57 1
سورنگا لکمل 6 1 18 1
رنگانا ہیراتھ 16.5 0 47 3
نووان پردیپ 2 0 14 0