گال میں رنز کا میلہ، بنگلہ دیش کے لیے ریکارڈ ساز ٹیسٹ

2 1,035

پانچ دنوں میں 1613 رنز، صرف 19 وکٹیں اور 7 سنچریاں اور ایک ڈبل سنچری ، یہ ہے گال کے تاریخی میدان میں کھیلے گئے پہلے سری لنکا-بنگلہ دیش ٹیسٹ کی کہانی، جو "رنز کی بہتی گنگا" میں کئی بلے بازوں کے ہاتھ دھونے کے بعد بالآخر بغیر کسی نتیجے تک پہنچے اختتام پذیر ہوا۔ پچ کا اندازہ اس بات سے لگائیے کہ تین بنگلہ دیشی بلے باز بھی سنچریاں داغ گئے جن میں کپتان مشفق الرحیم کی تاریخی ڈبل سنچری بھی شامل تھی۔

میچ کا سب سے خوبصورت لمحہ، مشفق الرحیم کی ڈبل سنچری جو کسی بھی بنگلہ دیشی بلے باز کی پہلی ٹیسٹ ڈبل سنچری تھی (تصویر: AFP)
میچ کا سب سے خوبصورت لمحہ، مشفق الرحیم کی ڈبل سنچری جو کسی بھی بنگلہ دیشی بلے باز کی پہلی ٹیسٹ ڈبل سنچری تھی (تصویر: AFP)

یوں اس ٹیسٹ میں ریکارڈ8 سنچریاں بنیں، جو اپریل 2005ء میں ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے گئے اینٹیگا ٹیسٹ کے بعد کرکٹ تاریخ کا پہلا موقع ہے کہ کسی مقابلے میں 8 سنچریاں بنی ہوں۔

گو کہ ریکارڈ میں نتیجہ 'ڈرا' لکھا جائے گا لیکن دراصل ٹیسٹ بنگلہ دیش کی اخلاقی فتح پر منتج ہوا۔ کیونکہ اس مقابلے کے دوران مہمان ٹیم نے تاریخ میں پہلی بار 600 کا ہندسہ عبور کیا، کپتان مشفق الرحیم ملکی تاریخ کی پہلی ٹیسٹ ڈبل سنچری بنانے والے کھلاڑی بنے اور ساتھ ساتھ سری لنکا کے خلاف پہلی بار کوئی ٹیسٹ مقابلہ ڈرا کھیلا۔ دوسری جانب سری لنکا نئے کپتان اینجلو میتھیوز کی قیادت میں پہلے ہی مقابلے میں سخت امتحان سے گزرا۔ ٹیم نے حریف کے 10 کھلاڑیوں کو آؤٹ تو کیا لیکن بہت بڑا مجموعہ اکٹھا کرنے کے باوجود برتری حاصل نہ کر سکی اور بالآخر مقابلہ گنوا بیٹھی۔

بہرحال، سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور کمار سنگاکارا، لاہیرو تھریمانے اور دنیش چندیمال کی سنچریوں کی بدولت 570 رنز کا ہمالیہ جیسا اسکور بنا ڈالا۔ ان میں سے صرف سنگاکارا 142 رنز بنانےکے بعد آؤٹ ہوئے باقی دونوں بلے بازوں کی سنچریاں ناقابل شکست تھیں۔ تھریمانے اور چندیمال نے پانچویں وکٹ پر 203 رنز کی ناقابل شکست شراکت داری شامل تھی۔ جس کے دوران تھریمانے نے 155 اور چندیمال نے 116 رنز بنائے اور سری لنکا نے دوسرے روز چائے کے وقفے سے قبل 570 رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کر دی۔ اپنی دانست میں یہ سمجھتے ہوئے کہ بنگلہ دیش کے لیے یہ اسکور کافی ہے، لیکن ایسا نہیں ہوا!

بنگلہ دیش نے اینٹ کا جواب پتھر سے دیا۔ محض 65 رنز پر دونوں اوپنرز سے محروم ہونے کے بعد مہمان بلے بازوں نے شاندار انداز میں واپسی کی۔ سب سے پہلے محمد اشرفل اور مومن الحق کے درمیان 105 رنز کی رفاقت اور پھر اشرفل اور کپتان مشفق الرحیم کے درمیان 267 رنز کی ریکارڈ شراکت داری نے بنگلہ دیش کو مقابلے پر حاوی کر دیا۔ اک ایسے موقع پر جب محمد اشرفل اک تاریخی سنگ میل کے قریب تھے اور انہیں بنگلہ دیش کی تاریخ میں ڈبل سنچری بنانے والا پہلے بیٹسمین بننے کے لیے صرف 11 رنز کی ضرورت تھی، وہ دباؤ کو برداشت نہ کر پائے اور چوتھے روز صبح ہی 190 رنز پر آؤٹ ہو کر میدان سے لوٹ آئے۔ 417 گیندوں پر 20 چوکوں اور ایک چھکے سے مزین یہ اننگز ڈبل سنچری تک پہنچنےکی حقدار تھی لیکن یہ 'اعزاز' کسی اور کے نصیب میں لکھا تھا، یعنی کپتان مشفق الرحیم کے، جنہوں نے بعد ازاں 200 رنز بنا کر تاریخ میں اپنا نام محفوظ کرا لیا۔

320 گیندوں پر 22 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے تاریخی اننگز کھیلنےکے فوراً بعد ہی مشفق ایل بی ڈبلیو قرار دے دیے گئے اور بنگلہ دیش سری لنکا کے پہلی اننگز کے اسکور تک پہنچنے سے پہلے ہی دونوں سیٹ بلے بازوں سے محروم ہو گیا۔ اس مرحلے پر نوجوان ناصر حسین نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور کیریئرکی پہلی سنچری کے ساتھ ممکن بنایا کہ بنگلہ دیش سری لنکا کے اسکور پر برتری حاصل کرے۔

جب 196 ویں اوور کے خاتمے کے ساتھ ہی بنگلہ دیش کی پہلی اننگز 638 رنز پر مکمل ہوئی تو اسے سری لنکا پر 68 رنز کی برتری حاصل ہو چکی تھی۔ یہ بنگلہ دیش کی 13 سالہ ٹیسٹ تاریخ میں پہلا موقع تھا کہ اس نے 600 رنز کا ہندسہ عبور کیا۔

چوتھے دن کے آخری سیشن کا آغاز سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز کے ساتھ کیا اور دن کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر 116 رنز جوڑ کر واضح کر دیا کہ ٹیسٹ مقابلہ کسی نتیجے کی جانب جانے والا نہیں ۔ پھر تلکارتنے دلشان اور کمار سنگاکارا نے 213 رنز کی رفاقت کے دوران مزید دو سنچریاں جڑ کر کسی ٹیسٹ میچ میں سب سے زیادہ سنچریوں کا عالمی ریکارڈ برابر کیا۔ سنگاکارا پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی سنچری بنانے میں کامیاب ہوئے اور 105 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کچھ ہی دیر بعد دلشان بھی پویلین لوٹ گئے جنہوں نے 126 رنز بنائے۔ سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز 335 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی اور بنگلہ دیش کو جیتنے کے لیے صرف ایک سیشن میں 268 رنز کا ناممکن ہدف دیا۔

پانچویں دن کے کھیل کے اختتام تک بنگلہ دیش 22 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 70 رنز ہی بنا پایا اور یوں پہلا ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے تک پہنچے اختتام پذیر ہوا۔

دو ٹیسٹ میچز کی سیریز اب ایک مقابلے بعد صفر-صفر سے برابر ہے اور کولمبو میں 16 مارچ سے ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کا فاتح دراصل سیریز کا بھی حقدار ہوگا۔

مشفق الرحیم کو شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سری لنکا بمقابلہ بنگلہ دیش

پہلا ٹیسٹ

8 تا 12 مارچ 2013ء

بمقام: گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم، گال، سری لنکا

نتیجہ: بغیر کسی نتیجے تک پہنچے ختم

سری لنکاپہلی اننگز رنز گیندیں چوکے چھکے
دیموتھ کرونارتنے ایل بی ڈبلیو ب سہاگ غازی 41 61 3 1
تلکارتنے دلشان ک مومن الحق ب سہاگ غازی 54 63 9 0
کمار سنگاکارا کو ظہور الاسلام ب سہاگ غازی 142 226 16 3
لاہیرو تھریمانے ناٹ آؤٹ 155 256 14 0
اینجلو میتھیوز ک و ب ابو الحسن 27 60 4 0
دنیش چندیمال ناٹ آؤٹ 116 151 12 2
فاضل رنز ب 8، ل ب 17، و 3، ن ب 7 35
مجموعہ 135 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر؛ ڈکلیئر 570

 

بنگلہ دیش (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
شہادت حسین 21 2 95 0
ابو الحسن 27 4 112 1
سہاگ غازی 50 6 164 3
الیاس سنی 20 0 89 0
محمد اشرفل 4 0 23 0
محمود اللہ 11 1 45 0
مومن الحق 2 0 17 0

 

بنگلہ دیشپہلی اننگز رنز گیندیں چوکے چھکے
ظہور الاسلام ک چندیمال ب ایرنگا 20 32 4 0
انعام الحق ب مینڈس 13 68 1 0
محمد اشرفل ک میتھیوز ب ہیراتھ 190 417 20 1
مومن الحق ک میتھیوز ب کولاسیکرا 55 83 9 0
محمود اللہ اسٹمپ چندیمال ب ہیراتھ 0 5 0 0
مشفق الرحیم ایل بی ڈبلیو ب کولاسیکرا 200 321 22 1
ناصر حسین کو کرونارتنے ب دلشان 100 151 9 0
سہاگ غازی ک وتھاناگے ب مینڈس 21 26 2 0
ابو الحسن ناٹ آؤٹ 16 60 1 0
الیاس سنی ک چندیمال ب دلشان 0 4 0 0
شہادت حسین ب ایرنگا 13 16 0 1
فاضل رنز ب 2، ل ب 1، ن ب 7 10
مجموعہ 196 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 638

 

سری لنکا (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
نووان کولاسیکرا 27 3 94 2
شامنڈا ایرنگا 34 4 122 2
رنگانا ہیراتھ 62 11 161 2
اجنتھا مینڈس 36 3 152 2
اینجلو میتھیوز 9 2 18 0
تلکارتنے دلشان 26 5 75 2
لاہیرو تھریمانے 2 0 13 0

 

سری لنکادوسری اننگز رنز گیندیں چوکے چھکے
دیموتھ کرونارتنے ک ابو الحسن ب شہادت حسین 3 16 0 0
تلکارتنے دلشان ک ابو الحسن ب محمود اللہ 126 190 9 0
کمار سنگاکارا ک ظہور الاسلام ب محمود اللہ 105 172 10 0
کیتھوروان وتھاناگے ب محمود اللہ 59 70 7 1
اینجلو میتھیوز ناٹ آؤٹ 38 49 1 2
لاہیرو تھریمانے ناٹ آؤٹ 2 3 0 0
فاضل رنز ن ب 2 2
مجموعہ 83 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر؛ ڈکلیئر 335

 

بنگلہ دیش (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
شہادت حسین 9 1 33 1
ابو الحسن 10 0 45 0
سہاگ غازی 15 1 58 0
الیاس سنی 20 0 76 0
مومن الحق 5 0 25 0
محمد اشرفل 1 0 10 0
محمود اللہ 20 1 70 3
ناصر حسین 3 0 18 0

 

بنگلہ دیشدوسری اننگز رنز گیندیں چوکے چھکے
ظہور الاسلام ناٹ آؤٹ 41 73 5 1
انعام الحق ب ایرنگا 1 4 0 0
محمد اشرفل ناٹ آؤٹ 22 56 1 0
فاضل رنز ب 4، ل ب 1، ن ب 1 6
مجموعہ 22 اوورز میں 1 وکٹ کے نقصان پر 70

 

سری لنکا (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
نووان کولاسیکرا 4 1 6 0
شامنڈا ایرنگا 3 1 10 1
رنگانا ہیراتھ 4 0 15 0
اجنتھا مینڈس 7 1 23 0
تلکارتنے دلشان 4 0 11 0