[ریکارڈز] پاکستان کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ چھکے

پاکستان اور انگلستان کا دوسرا ٹیسٹ مقابلہ دبئی کے خوبصورت انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری ہے۔ پاکستان اپنی پہلی اننگز میں 378 رنز بنا سکا ہے اور یہاں تک پہنچنے میں سب سے اہم کردار مصباح الحق کی قائدانہ اننگز کا رہا، جنہوں نے 102 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 8 چوکوں کے ساتھ پورے 5 چھکے شامل رہے۔ گو کہ ابھی مقابلہ کسی ایک حریف کے حق میں جھکتا نہیں دکھائی دے رہا لیکن اگر پاکستان غلبہ حاصل کرنے میں کامیاب رہا اور مقابلہ بھی جیت گیا تو مصباح کی اس اننگز کا کردار بنیادی نوعیت کا ہوگا۔
60 واں ٹیسٹ کھیلنے والے مصباح کے کیریئر کی یہ نویں سنچری تھی۔ وہ 197 گیندوں پر 102 رنز بنانے کے بعد دوسرے دن صبح کے پہلے اوور میں آؤٹ ہوئے لیکن اس سے پہلے پاکستان کے لیے چند ایسے ریکارڈ حاصل کرگئے، جن کے بارے میں عام آدمی تصور نہیں کرسکتا کہ یہ بھی مصباح کے پاس ہوں گے۔ جیسا کہ ملک کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ۔
جب پہلے دن کے آخری اوور میں مصباح نے چھکے کے ذریعے اپنی سنچری مکمل کی تو یہ ان کے کیریئر کا 60 واں چھکا تھا۔ یوں انہوں نے یونس خان کا 60 چھکوں کا ریکارڈ برابر کردیا ہے۔ کیونکہ دونوں کھلاڑی اس وقت کھیل رہے ہیں اس لیے یہاں رسہ کشی عرصے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ ان دونوں کے بعد پاکستان کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ چھکوں کا اعزاز وسیم اکرم کے پاس تھا۔ جنہوں نے 57 چھکے لگائے تھے جبکہ عمران خان نے اپنے 88 مقابلوں کے کیریئر میں 55 چھکے اسکور کیے تھے۔ شاہد آفریدی نے اپنے 27 ٹیسٹ میچز کے معمولی دور میں 52 چھکے لگائے تھے اور بلاشبہ اگر وہ ٹیسٹ کرکٹ جاری رکھتے تو آج اس میدان میں ان کا کوئی مقابل نہ ہوتا۔
سب سے زیادہ ٹیسٹ چھکے لگانے والے پاکستانی بلے باز
بلے باز | ملک | مقابلے | رنز | بہترین اننگز | اوسط | سنچریاں | نصف سنچریاں | چوکے | چھکے |
---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|
مصباح الحق | ![]() |
60 | 4156 | 161* | 48.32 | 9 | 30 | 421 | 60 |
یونس خان | ![]() |
103 | 8953 | 313 | 53.93 | 30 | 30 | 964 | 60 |
وسیم اکرم | ![]() |
104 | 2898 | 257* | 22.64 | 3 | 7 | 324 | 57 |
عمران خان | ![]() |
88 | 3807 | 136 | 37.69 | 6 | 18 | 316 | 55 |
شاہد آفریدی | ![]() |
27 | 1716 | 156 | 36.51 | 5 | 8 | 220 | 52 |
ویسے ٹیسٹ میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ آسٹریلیا کے عظیم وکٹ کیپر ایڈم گلکرسٹ کے پاس ہے۔ وہ تاریخ کے واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے کیریئر میں 100 چھکے لگا رکھے ہیں۔ 96 ٹیسٹ میں 47.60 کے واسط سے ساڑھے پانچ ہزار سے زیادہ رنز اور 677 چوکوں کے ساتھ پورے 100 چھکے، ایسا زبردست وکٹ کیپر شاید دنیا کی کسی دوسری ٹیم کو نصیب نہ ہو۔ ویسے کرس گیل ہوسکتا ہے یہ ریکارڈ توڑیں، اگر وہ ویسٹ انڈیز کے لیے ٹیسٹ کرکٹ کھیلتے رہے۔ ورنہ بلاشبہ نیوزی لینڈ کے برینڈن میک کولم اس مقام تک پہنچیں گے جو اب تک 95 چھکے لگا چکے ہیں۔
سب سے زیادہ ٹیسٹ چھکے لگانے والے بلے باز
بلے باز | ملک | مقابلے | رنز | بہترین اننگز | اوسط | سنچریاں | نصف سنچریاں | چوکے | چھکے |
---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|
ایڈم گلکرسٹ | ![]() |
96 | 5570 | 204* | 47.60 | 17 | 26 | 677 | 100 |
کرس گیل | ![]() |
103 | 7214 | 333 | 42.18 | 15 | 37 | 1046 | 98 |
ژاک کیلس | ![]() |
166 | 13289 | 224 | 55.37 | 45 | 58 | 1488 | 97 |
برینڈن میک کولم | ![]() |
94 | 6008 | 302 | 38.76 | 11 | 29 | 716 | 95 |
وریندر سہواگ | ![]() |
104 | 8586 | 319 | 49.34 | 23 | 32 | 1233 | 91 |