کوئٹہ کو دھچکا، تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کا لاہور آنے سے انکار
کوئٹہ نے ایک یادگار مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو شکست دے کر پاکستان سپر لیگ کے دوسرے سیزن میں بھی فائنل تک رسائی تو حاصل کرلی ہے لیکن ان کی خوشیاں ماند پڑتی دکھائی دے رہی ہے کیونکہ ٹیم سے وابستہ تمام غیر ملکی کھلاڑیوں نے فائنل کے لیے لاہور آنے سے معذرت کرلی ہے۔ ایک طرف جہاں کوئٹہ کے تمام کھلاڑی لاہور کے لیے تیاریاں پکڑ رہے ہیں، وہیں ٹیم کے غیر ملکی اراکین میں انگلستان کے کیون پیٹرسن، ٹائمل ملز اور لیوک رائٹ، نیوزی لینڈ کے نیتھن میک کولم اور جنوبی افریقہ کے رائلی روسو اپنے ملکوں کو روانہ ہو رہے ہیں۔
سرفراز الیون کے لیے دیگر اہم کھلاڑیوں کی عدم دستیابی یقیناً مایوس کن ہوگی لیکن کیون پیٹرسن سے ہاتھ دھو بیٹھنا کسی دھچکے سے کم نہیں۔ گزشتہ شب پشاور کے خلاف پلے آف مقابلے میں احمد شہزاد کے ساتھ 'کے پی' کی جوڑی ہی تھی جس نے اپنی شاندار بلے بازی سے شائقین کو محظوظ کیا اور ایک بڑے ہدف کو ممکن بنایا۔
انگلستان سے تعلق رکھنے والے کیون پیٹرسن نےمقابلہ ختم ہونے کے کچھ ہی دیر بعد اپنی واپسی کا اعلان سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا۔
I'll pick that up in London tomorrow. Bye bye Dubai! Your weather was ?? but the golf was ??. #FamilyTime https://t.co/jMIMrL26NY
— KP (@KP24) February 28, 2017
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم اجلاس میں کیون پیٹرسن نے عمران خان کے بیان کا حوالہ دے کر لاہور آنے سے انکار کیا۔ سابق پاکستانی کپتان، اور موجودہ سیاست دان، نے پی ایس ایل فائنل کے لاہور میں انعقاد کے اعلان کو 'پاگل پن' قرار دیا تھا۔ دوسری جانب نیتھن میک کولم اور رائلی روسو نے بھی ٹوئٹر پر فتح کا جشن تو منایا لیکن وہاں پر ایسا کوئی اعلان نہیں کیا البتہ لیوک رائٹ نے بہت واضح انداز میں اپنا مدعا ٹوئٹر پر بیان کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ ان کے خاندان سے بڑھ کر نہیں ہے اور یہ بھی کہا کہ مستقبل میں جب تحفظ کے حوالے سے شکوک نہيں ہوں گے تو وہ ضرور آئیں گے۔ انہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پاکستان سپر لیگ کی انتظامیہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔
It's with a heavy heart I will not be coming to Lahore. I have a young family and for me a game of cricket is just not worth the risk 1/3
— Luke Wright (@lukewright204) February 28, 2017
I'm sorry as I know how much it means to you all and hopefully in the future the safety will not be in doubt to come play there. 2/3
— Luke Wright (@lukewright204) February 28, 2017
Thanks once again to @TeamQuetta and @thePSLt20 for having me. Such lovely people. Great tournament with so much talent. See u soon ?? 3/3
— Luke Wright (@lukewright204) February 28, 2017
یہ صورت حال ہرگز غیر متوقع نہیں ہے اور سوائے 'جذباتی' شائقین کے سب کو اندازہ تھا کہ لاہور میں فائنل کا معاملہ آسان نہيں ہوگا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ لیگ انتظامیہ کے وعدے کے مطابق کون سے غیر ملکی کھلاڑی کھیلنے کے لیے لاہور آئیں گے اور متبادل انتظامات کیسے کیے جائیں گے۔