مصباح اور یونس کے لیے بڑا اعزاز

0 1,369

پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور تجربہ کار بلے باز یونس خان کو 2017 کی وزڈن کرکٹرز کی فہرست میں شامل کر لیا گیا۔ یہ ان دونوں کھلاڑیوں کے علاوہ پاکستان کے لیے بھی اعزاز کی بات ہے۔

گزشتہ سال دورہ انگلستان پر پاکستانی ٹیسٹ دستے نے بہترین کارکردگی پیش کی تھی۔ پاکستانی ٹیم کی زبردست کارکردگی کی بدولت مشکل سیریز 2-2 سے برابر کرنے میں کامیاب رہی۔ اس میں یونس خان کی حیران کن کارکردگی نے اہم کردار ادا کیا تھا، جس کے بعد قومی ٹیم پہلی مرتبہ آئی سی سی کی درجہ بندی میں سر فہرست درجے پر آئی۔ اور چونکہ عالمی نمبر ون بننے کا اعزاز مصباح الحق کی قیادت میں حاصل ہوا تھا، اسی لیے ان دونوں کو وزڈن نے خصوصی اعزاز سے نوازا ہے۔

اس سے قبل 15 پاکستانی کرکٹرز اس ایوارڈ کو حاصل کر چکے ہیں، آخری مرتبہ 2007 میں محمد یوسف کو یہ اعزاز ملا جب کہ یہ دوسری مرتبہ ہوا ہے کہ ایک سال میں 2 پاکستانی پلیئرز کو اس لسٹ میں شامل کیا گیا ہو۔ اس سے قبل 1997 میں پاکستان کے سعید انوراور مشتاق احمد ایک ہی سال اس فہرست میں شامل ہوچکے ہیں۔ عظیم عمران خان، وقار یونس، وسیم اکرم اور جاوید میانداد بھی وزڈن کرکٹرز میں شامل رہ چکے ہیں۔

ایشیا سے ایک اور بڑا نام بھی 2017 کی وزڈن کرکٹز میں شامل ہے اور وہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا نام ہے۔ جنہوں نے صرف ذاتی کارکردگی سے خود کو بہترین ثابت نہیں کیا بلکہ بطور قائد بھارتی ٹیم کو بھی مسلسل فتوحات کی ڈگر پر ڈالے رکھا۔ خاص کر خلاف گزشتہ سال انگلستان کے خلاف تینوں فارمیٹ میں کلین سویپ فتح سمیٹنا غیر معمولی کارکردگی تھی اسی لیے انہیں دنیا کا سرفہرست کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔

انگلستان کے کرس ووکس، جنہوں نے گزشتہ سال کی سیریز میں 26 پاکستانی کھلاڑیوں کا شکار کیا تھا، بھی اس وزڈن فہرست میں شامل ہیں۔ ان کے علاوہ بین ڈکٹ اور ٹی ایس رولینڈ کا نام بھی وزڈن کرکٹرز 2017 کی فہرست میں جگہ پانے میں کامیاب ٹھہرے ہیں۔ یاد رہے کہ وزڈن کرکٹرز ایوارڈ کا آغاز 1889 میں ہوا تھا جوکسی بھی کھلاڑی کو کیریئر میں ایک مرتبہ دیا جاتا ہے۔

misbah younis khan