مارٹن گپٹل سب سے آگے

0 1,129

نیوزی لینڈ کے اسٹار اوپنر مارٹن گپٹل نے اپنے سابق کپتان برینڈن میک کولم سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز چھین لیا ہے۔ 31 سالہ گپٹل یہ کارنامہ تاریخ کی پہلی سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پانچویں مقابلے میں انجام دیا جہاں نیوزی لینڈ کے مدمقابل کینگروز تھے۔

ایڈن پارک، آکلینڈ میں ہونے والے اس تاریخی مقابلے میں بہت بڑا ہدف دینا بھی بلیک کیپس کو کامیابی تو نہ دلا سکا لیکن دھواں دار سنچری کے ذریعے مارٹن گپٹل کو فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز سمیت مختلف سنگ میل عبور کرکے ضرور دیکھا۔ یہاں ٹاس نیوزی لینڈ نے جیتا اور مارٹن گپٹل اور کولن منرو کو میدان میں اتارا جنہوں نے آتے ہی جارحانہ انداز میں خوب رنز بنائے۔ منرو 11 ویں اوور میں تب آؤٹ ہوئے جب اسکور 132 رنز تھا۔ انہوں نے صرف 33 گیندوں پر 76 رنز بنائے۔ ان کے جانے کے بعد گپٹل کا بلّا رنز اگلتا رہا یہاں تک کہ انہوں نے اپنے کیریئر کی دوسری سنچری جڑ دی۔ مجموعہ 17 ویں اوور میں 212 رنز تک پہنچا تو گپٹل کا بلاوا آ گیا۔ وہ 9 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 105 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، وہ بھی صرف 54 گیندوں پر۔ گپٹل نے اپنی پہلی ٹی ٹوئنٹی سنچری 2012ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف بنائی تھی۔

اس اننگز کے دوران انہوں نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز کا تاج بھی پہنا۔ ان سے قبل یہ اعزاز سابق کپتان برینڈن میک کولم کے پاس تھا جنہوں نے 2005ء سے 2015ء کے دوران 71 میچز میں 136 کے کہیں بہتر اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 2140 رنز بنائے تھے۔ اس میں دو سنچریاں اور 13 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ گپٹل نے 73 میچز میں اپنے سابق ساتھی کو جا لیا۔ وہ لگ بھگ 133 کے اسٹرائیک ریٹ سے 2188 رنز بنا چکے ہیں اور دلچسپ بات یہ ہے کہ گپٹل کی بھی 2 سنچریاں اور 13 نصف سنچریاں ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں میں تیسرا نام بھارت کے ویراٹ کوہلی کا ہے جو 55 میچز میں ہی 1956 رنز بنا چکے ہیں۔ ان کا ایوریج ہی حیران کن ہے، تقریباً 53، اسٹرائیک ریٹ بھی سب سے زیادہ لگ بھگ 138، بس سنچری کوئی نہیں لیکن ففٹیز ہیں 18۔ یعنی یہ بات تو یقینی ہے کہ کوہلی جلد ہی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں کئی نئے ریکارڈز بنائیں گے اور ہو سکتا ہے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں ہی بنا دیں۔

سری لنکا کے ریٹائرڈ بلے باز تلکارتنے دلشان 1889 رنز کے ساتھ چوتھے جبکہ پاکستان کے شعیب ملک 1821 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والوں میں پانچویں نمبر پر ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین

بلے باز مقابلے رنز بہترین اننگز اوسط اسٹرائیک ریٹ سنچریاں نصف سنچریاں
مارٹن گپٹل 73 2188 105 34.18 132.84 2 13
برینڈن میک کولم 71 2140 123 35.66 136.21 2 13
ویراٹ کوہلی 55 1956 90* 52.86 137.84 0 18
تلکارتنے دلشان 80 1889 104* 28.19 120.54 1 13
شعیب ملک 92 1821 75 29.37 117.63 0 6