اگر کراچی-پشاور مقابلہ نہ ہو سکا تو کیا ہوگا؟

0 1,036

پاکستان سپر لیگ 3 کے فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا مقابلہ کون کرے گا؟ اس کا فیصلہ آج ہوگا لاہور کے اسی قذافی اسٹیڈیم میں۔ اس بار مقابل ہیں کراچی کنگز اور پشاور زلمی۔ کراچی کنگز نے کوالیفائر میں اسلام آباد یونائیٹڈ سے شکست کھائی تھی جبکہ پشاور زلمی نے گزشتہ روز اسی میدان پر پہلے ایلی منیٹر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد صرف 1 رنز سے شکست دی تھی۔

اب کوالیفائر کی شکست خوردہ اور ایلی منیٹر کی فاتح ٹیمیں آپس میں ٹکرائیں گی، اگر موسم نے اجازت دی تو۔ کیونکہ پیشن گوئی کے مطابق لاہور میں آج مسلسل بارش کا امکان ہے۔ صبح سے وقفے وقفے سے بارش تو ہو ہی رہی ہے بلکہ اولے بھی پڑے ہیں۔اس لیے خطرہ ہے کہ مقابلے کا انعقاد ہی نہ ہو سکے۔ اگر ایسا ہوا تو کراچی کنگز فائنل تک رسائی حاصل کرلے گا۔

لیکن اس کے علاوہ کراچی کنگز کے لیے کوئی اچھی خبر نہیں ہے۔ گزشتہ مقابلے میں زخمی ہونے کے باوجود کھیلنے والے شاہد خان آفریدی اس بار دستیاب نہیں ہوں گے۔ ان کی گھٹنے کی انجری شدت اختیار کرگئی ہے اور ڈاکٹروں نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے یعنی اگر کراچی فائنل میں پہنچ بھی گیا تو تب بھی "لالا" نہیں ہوں گے۔ کراچی اپنے کپتان عماد وسیم سے پہلے ہی محروم ہو چکا تھا جو ایک مقابلے کے دوران کیچ پکڑتے ہوئے گرگئے تھے۔ ان کی حالت اب اطمینان بخش ضرور ہے لیکن اس قابل نہیں کہ وہ میچ کھیل سکیں۔ ان کی عدم موجودگی میں آخری میچز میں قیادت کی ذمہ داری انگلینڈ کے ایون مورگن نے نبھائی تھی لیکن وہ پاکستان نہیں آئے یعنی آج اگر مقابلہ ہوا تو کراچی سیزن میں اپنے چوتھے کپتان کے ساتھ کھیلے گا۔ اس صورت حال میں صرف ایک چیز ہی کراچی کو بچا سکتی ہے، بارش!