ٹی ٹوینٹی عالمی درجہ بندی پر گرین شرٹس کا راج

0 1,384

آئی سی سی کی تازہ ٹی 20 درجہ بندی میں پاکستان ہر طرف چھایا ہوا ہے۔ پہلے سے نمبر ون پر براجمان پاکستانی ٹیم نے اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے جبکہ دیگر شعبوں میں بھی پاکستانی کھلاڑی ہی نمایاں ہیں۔ بلے بازی کے شعبے میں باصلاحیت نوجوان بابر اعظم نے نمبر ون کی پوزیشن پر قبضہ کر لیا ہے اور گیند بازی میں نوجوان اسپنر شاداب خان نے دوسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

رواں ہفتے ویسٹ انڈیز کے دورہ پاکستان سے جہاں بین الاقوامی کرکٹ کی پاکستانی میدانوں میں واپسی پر پیش رفت ہوئی وہیں پاکستانی کھلاڑیوں کے کیریئرز کو بھی چار چاند لگ گئے۔ مین آف دی سیریز بننے والے بابر اعظم آئی سی سی ٹی 20 میں بلے بازی کے شعبے میں کولن منرو کو پیچھے دھکیل کر سرفہرست آ گئے ہیں۔ یہ دوسرا موقع ہے کہ ٹی 20 فارمیٹ کی عالمی درجہ بندی کی فہرست کا آغاز بابر کے نام سے ہوگا۔ 23 سالہ بلے باز نے تین میچوں میں 148.64 اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ دو نصف سنچریوں کی مدد سے 165 رنز بنائے تھے جس میں 97 رنز کی شاندار اننگز بھی شامل تھی۔ پہلے میچ میں 17، دوسرے میں 97 اور پھر تیسرے میچ میں 51 رنز بنائے میں کامیاب رہے تاہم بدقسمتی سے دوسرے میچ میں صرف 3 رنز کے فرق سے اپنی پہلی ٹی ٹوینٹی سنچری سے محروم رہ گئے۔ بہرحال ٹاپ آرڈر پر بابر اعظم جیسے ان فارم بلے بازی کی موجودگی کی ہی بدولت پاکستان نے باآسانی عالمی چیمئن کو شکست فاش دے کر نمبر ون کی پوزیشن کو مزید مستحکم کیا ہے۔

بابر اعظم

گیندبازی کے شعبے کی بات کریں تو پر جوش و پر عزم شاداب خان نے عالی درجہ بندی میں لمبی چھلانگ لگاتے ہوئے دس درجے بہتری حاصل کی ہے اور دوسری پوزیشن پر جا پہنچے ہیں۔ یہ نمبر ون افغانستان کے راشد خان سے صرف چند پوائنٹس کے فاصلے پر ہیں۔ شاداب کی اس لمبی چھلانگ کے پیچھے ویسٹ انڈیز کے مقابل سیریز کا ہی ہاتھ ہے جس میں نوجوان اسپنر نے 5.72 کی شاندار اکانومی 3 مقابلوں میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔ 19 سالہ اسپنر نے گزشتہ سال ڈیبیو کیا تھا مگر اتنے کم عرصے میں دنیا میں خوب نام کما چکے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹی 20 گیند بازوں کی درجہ بندی میں سرفہرست 5 گیندباز اسپنرز ہیں جبکہ 15 بہترین گیند بازوں کا نام دیکھیں تو وہاں 11 کا تعلق اسپن گیندبازی سے ملے گا۔

شاداب خان

علاوہ ازیں پاکستانی تیز گیندباز محمد عامر اور اوپنر بلے باز فخرزمان نے بھی تین ٹی ٹوینٹی میچوں پر مشمتل سیریز میں بہترین کارکردگی دکھا کر عالمی درجہ بندی میں نمایاں ترقی حاصل کر چکے ہیں۔ یہ دونوں متعلقہ زمروں کے 15 بہترین کھلاڑیوں میں شامل ہو گئے ہیں۔ محمد عامر نے عمدہ گیند بازی سے 2 میچز میں 4.16 اکانومی ریٹ 5 وکٹیں حاصل کیں تھیں جس کی بدولت 15 درجے بہتری آئی ہے اور اب وہ 12 ویں پوزیشن پر ہیں۔ فخرزمان نے بھی سیریز میں شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 180.85 کی شرح سے بالترتیب 39، 6 اور 40 رنز بنائے اور اچھا آغاز فراہم کرنے میں بھرپور کردار ادا کیا تھا۔ اس کارکردگی کی بدولت فخر 50 ویں پوزیشن سے اڑ کر 15 ویں درجہ پر پہنچ گئے ہیں۔

ویسٹ انڈیز کو اس سیریز کا شدید نقصان ہوا۔ کلین سویپ شکست کی وجہ سے جہاں ٹیموں کی درجہ بندی میں 4 پوائنٹس کا نقصان ہوا جس کی وجہ سے وہ نیچے لڑھکتے ہوئے درجہ بندی میں 7 ویں نمبر پر جا پہنچے ہیں۔