فواد عالم پھر نظر انداز، امام الحق منتخب

0 1,085

سال 2018ء میں پاکستان کے لیے مشکل ترین مراحل کا آغاز ہو چکا ہے اور اگلے ماہ پاکستان نے آئرلینڈ کے خلاف تاریخی ٹیسٹ کھیلنا ہے اور اس کے بعد انگلینڈ کا دورہ کرنا ہے۔ ان اہم ترین دوروں کے لیے پاکستان نے 16 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کیا ہے جس میں توقعات، اور خدشات، کے عین مطابق فواد عالم شامل نہیں ہیں۔

انگلینڈ جیسے مضبوط حریف کے خلاف اسی کے میدانوں پر مقابلہ کرنے کے لیے منتخب کردہ اسکواڈ دیکھیں تو کچھ غیر تجربہ کار سا لگتا ہے۔ آخری بار پاکستان نے جب انگلینڈ کا دورہ کیا تھا تو مصباح الحق اور یونس خان دونوں موجود تھے لیکن اب ان کے علاوہ بھی بہت سا خلاء محسوس ہو رہا ہے۔ اسی سے اندازہ لگا لیں کہ اسکواڈ میں پانچ ایسے کھلاڑی شامل ہیں جنہوں نے کبھی کوئی ٹیسٹ نہیں کھیلا۔

محدود اوورز کی کرکٹ میں کامیاب ہونے کے بعد اوپنر فخر زمان کو پہلی بار سفید جرسی کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ امام الحق، عثمان صلاح الدین اور سعد علی بھی طویل فارمیٹ میں اپنے کیریئر کی شروعات کر سکتے ہیں۔

پاکستان کو دورۂ انگلینڈ سے پہلے سب سے بڑا نقصان یاسر شاہ کی محرومی کی صورت میں اٹھانا پڑا ہے جو زخمی ہونے کی وجہ سے نہیں کھیلیں گے۔ ان کی عدم موجودگی میں اسپن باؤلنگ میں انحصار نوجوان شاداب خان پر ہوگا۔

فواد عالم ڈومیسٹک سرکٹ میں رنز کے انبار لگانے کے باوجود منتخب نہیں ہوئے، ان کی عدم شمولیت کی وجہ سے سوشل میڈيا پر خاصا ہنگامہ برپا ہے۔ دیکھتے ہیں مندرجہ ذیل اسکواڈ کیا کارنامے دکھاتا ہے؟ کیا وہ آخری دورۂ انگلینڈ کے نتائج دہرا سکتا ہے کہ جب پاکستان نے سیریز برابر کی تھی؟

سرفراز احمد (کپتان)، اظہر علی، امام الحق، سمیع اسلم، حارث سہیل، فخر زمان، سعد علی، اسد شفیق، عثمان صلاح الدین، شاداب خان، محمد عامر، محمد عباس، حسن علی، راحت علی اور فہیم اشرف .