دورۂ انگلینڈ و آئرلینڈ، اٹیکنگ نہیں اسمارٹ باؤلنگ پر زور

0 1,040

پاکستان کے باؤلنگ کوچ اظہر محمود نے انگلینڈ اور آئرلینڈ کے دورے کے لیے اپنے باؤلنگ پلان کی جھلک دکھاتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اس دورے کے لیے گیند بازوں کی صرف رفتار پر ہی نہیں بلکہ بہتر تکنیک پر بھی توجہ دے رہے ہیں۔

باؤلنگ اسکواڈ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اظہر محمود نے کہا کہ فٹنس بہت زیادہ ضروری ہے کیونکہ منتخب ہونے والے باؤلرز زيادہ تجربہ کار نہیں اس لیے فٹ ہونا بہت زیادہ اہم ہے۔ ساتھ ہی تمام باؤلرز اچھی فارم میں ہیں اور یہ تمام پہلو مل کر اچھے نتائج دے سکتے ہیں۔

اظہر محمود کے مطابق محض اٹیکنگ نہیں بلکہ اسمارٹ کرکٹ کھیلنا ہوگی اور یہی ہدایت محمد عامر اور حسن علی کے لیے بھی ہے کہ انہیں بے دریغ طاقت لگانے کے بجائے حکمت عملی سے کام لینا ہوگا اور سب سے بہتر اسٹریٹجی یہی ہے کہ حریف بلے بازوں کو تھکا کر ان کے کمزور پہلوؤں پر حملہ کرنا۔ اپنی سرزمین پر حالات میزبان بلے بازوں کے لیے موافق ہوں گے اور انہیں محض تیز رفتاری سے مات نہیں دی جا سکتی، اس لیے تکنیک اور بہتر منصوبہ بندی ہی اہم ہتھیار ہوں گے۔

پاکستان کی باؤلنگ لائن میں حسن علی اور محمد عامر کے علاوہ محمد عباس، راحت علی، فہیم اشرف اور اسپنر شاداب خان شامل ہیں۔ وہاب ریاض کو منتخب وہیں کیا گیا جبکہ یاسر شاہ زخمی ہونے کی وجہ سے سیریز سے باہر ہو چکے ہیں۔

پاکستان 11 مئی سے آئرلینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ کھیلے گا جو ٹیسٹ درجہ ملنے کے بعد آئرلینڈ کا پہلا ٹیسٹ ہوگا۔