نوجوانان پاکستان تجربہ کار انگلستان پر حاوی؛ 9 وکٹوں سے جیت!

0 4,708

پاکستان کے نوجوان اسکواڈ نے مضبوط اور تجربکار حریف انگلستان کو لارڈز کے تاریخی میدان میں 9 وکٹوں سے شکست دے کر دو ٹیسٹ کی سیریز میں 1 - 0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔

انگلستان اور پاکستان کے مابین جاری ٹیسٹ کے چوتھے دن میزبان ٹیم نے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 235 رنز سے کیا تاہم پاکستانی بولرز کے سامنے بقیہ انگلش بلےباز زیادہ دیر تک ٹک نہ سکے اور صرف 7 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد پوری ٹیم 242 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ جوز بٹلر نے 66 رنز اور ڈومنیک بیس نے 55 رنز سے اننگ کا دوبارہ آغاز کیا تو بٹلر 1 رنز کے اضافے کے ساتھ ہی محمد عباس کے ہاتھوں وکٹ گنوا بیٹھے۔

اس کے بعد محمد عامر نے مارک ووڈ کو 4رنز پرمیدان بدر کر دیا، جلد ہی اسٹورٹ براڈ بھی کھاتہ کھولے بغیر ہی عباس کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے اور پھر ڈومنیک بیس 57 پر بنانے کے بعد عامر کے ہاتھوں کلین بولڈ ہو گئے۔ یوں انگلستان کی پوری ٹیم 242 تک ہی سمٹ گئی اور پاکستان کو فتح کیلیے 64 رنز کا ہدف ملا، محمد عامر اور محمد عباس نے 4، 4 جبکہ شاداب خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

معمولی ہدف کے تعاقب میں مہمان دستے کے امام الحق اور اظہر علی نے آغاز کیا۔ ہونا تو یہی چاہیئے تھا کہ پاکستان بنا وکٹ ضائع کئے یہ معمولی ہدف عبور کر جائے مگر اظہر علی 4 رنز بنا کر اینڈرسن کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ جس کے بعد امام کا ساتھ دینے حارث سہیل میدان میں آئے اور دونوں نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔ حارث سہیل 39 رنز اور امام الحق 18 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

اس اہم فتح کے ساتھ سرفراز احمد پانچویں کپتان بن گئے جن کی قیادت میں پاکستان نے لارڈز کے میدان میں فتح حاصل کی۔